Live Updates

عامر لیاقت نے ایم کیو ایم بانی کے پاکستان مخالف بیان پر اُنہیں غدار قرار دے ڈالا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا میں روزگار کے لیے ملک چھوڑ سکتا ہوں مگر عمران خان کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 نومبر 2019 16:23

عامر لیاقت نے ایم کیو ایم بانی کے پاکستان مخالف بیان پر اُنہیں غدار ..
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22نومبر 2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رُکن اسمبلی منتخب ہونے والے ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا ہے کہ وہ قومی اسمبلی اور ملک چھوڑ سکتے ہیں، مگر عمران خان کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ معروف اینکر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا ”سیاسی کیرئیر میں صرف 2 جماعتوں میں رہا، ایک ایم کیو ایم دوسری پی ٹی آئی ،یہیں کیرئیر ختم ہوگا، غدارکی گفتگو سن کر دھچکے میں ہوں ، دشمنو! یاد رکھو! میں قومی اسمبلی چھوڑ سکتا ہوں،روزگار کے لیے ملک بھی چھوڑسکتا ہوں مگرعمران خان کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا... بات ختم !!“
اپنے اس ٹویٹر بیان میں ڈاکٹر عامر لیاقت نے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حُسین کو اُن کے تازہ ترین پاکستان بیان مخالف پر لتاڑتے ہوئے غدارکا خطاب دے ڈالا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین نے ایک بھارتی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انڈین حکومت کی جانب سے کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ کیا گیا ہے اس کے بعد وہ وزیراعظم مودی کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں الطاف حسین نے ایک حالیہ تقریر میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی تھی کہ انھیں اور ان کے ساتھیوں کو سیاسی پناہ دی جائے۔

الطاف حسین کا موقف ہے کہ چونکہ ان کے آباوٴ اجداد کا تعلق انڈیا سے تھا لہذا انھیں انڈیا میں رہائش کی اجازت دی جائے۔ یہ پہلا موقعہ نہیں جب الطاف حسین نے انڈئن حکومت سے مدد کی اپیل کی ہو۔ الطاف حسین کا مارچ 2017 میں ایک اور بیان سامنے آیا، جس میں انھوں نے انڈین وزیراعظم نردیندر مودی سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں موجود مہاجروں کی مدد کریں۔

بقول ان کے پاکستان میں مقیم مہاجر دراصل انڈین ہیں اس لیے وزیراعظم مودی کو ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ لندن میں سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے الطاف حسین پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔ میٹروپولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چھیاسٹھ سالہ الطاف حسین کے خلاف مقدمہ دہشتگردی کی معاونت کے الزام میں ٹریزازم ایکٹ 2006 کی سیکشن 1 (2) کے تحت درج کیا گیا۔ الطاف حسین کیخلاف مقدمے کی سماعت اگلے برس سے شروع ہوگی اور امکان ہے کہ انہیں 15 سال جیل کی سزا ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات