جرمن سفیر برنارڈ شلاگیک کی لارنس روڈ لاہور کی سیر،سوشل میڈیا پر چٹ پٹے کھابوں کے حوالے سے تاثرات کا ذکر

جمعہ 22 نومبر 2019 19:40

جرمن سفیر برنارڈ شلاگیک کی لارنس روڈ لاہور کی سیر،سوشل میڈیا پر چٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) پاکستان میں رواں سال جولائی میں مقرر ہونے والے جرمنی کے سفیر برنارڈ شلاگیک اپنے پیش رو سفیر مارٹین کوبلرکی طرح پاکستانی کھانوں بالخصوص چٹخارے دارکھانوں کے دلدادہ نکلے۔ اس حوالے سے جرمن سفیر نے اپنے گزشتہ ہفتہ کے اپنے پہلے دورہ لاہور کے دوران لارنس روڈ کی سیر اور چٹ پٹے کھابوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات کا ذکر کیا - جرمن سفیر نے اپنے اس دورے سے متعلق تاثرات میں کہا کہ میں نے چنا چاٹ کے چٹخارے لئے جو تھوڑی چٹ پٹی تھی لیکن خوش ذائقہ اور لذیذ تھی بعد ازاں میں نے چٹنی بھی پی۔

فیس بک، ٹویٹر اور وٹس ایپ کے علاوہ سفارتخانے کی ویب سائٹ پر ان کی تصاویر میں انہیں چنا چاٹ کے لطف اٹھاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت کے دورے کے دوران انہوں نے مشہور پنجابی مقولہ ’’جنھے لہور نہیں تکیا او جمیا ای نہیں‘‘ کابھی حوالہ دیا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ دورہ لاہور کے دوران یہ جملہ میرے ذہن میں تھا جیسا کہ یہ میرا دوسرا یوم پیدائش ہو۔

بادشاہی مسجد کے حوالے سے سفیر نے کہا کہ یہ مغل فن تعمیر کی متاثر کن خوبصورتی ہے۔ انہوںنے اپنے دورہ لاہور کے دوران بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ کے علاوہ دیگر تاریخی مقامات کی بھی سیر کی اوروہاں آئے سیاحوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور پر مسرت جذبات میں کہاکہ میں نے لاہور دیکھ لیا۔ انہوں نے مغلیہ طرز تعمیر کو بر صغیرپاک و ہند کا عظیم ثقافتی و تاریخی ورثہ قرار دیا۔