لکی مروت پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف مہم

جمعہ 22 نومبر 2019 20:03

لکی مروت پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف مہم
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) لکی مروت پولیس نے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف خصوصی مہم کے دوران 75 منشیات فروش اور بدنام زمانہ خطرناک 29اشتہاری مجرموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور آتشین اسلحہ برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان کی ہدایات پر ضلع لکی مروت پولیس نے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف جاری مہم تیز کرتے ہوئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے مہم کے دوران منشیات فروشوں کے اڈوں پر 279 چھاپے مارے۔

پولیس نے منشیات فروشوں کی کًمین گاہوں کو مسمار کرتے ہوئے 75 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جن میں ڈرگ مافیا کی بڑی مچھلیاں بھی شامل ہیں۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے یہ کہ بدنام زمانہ ڈرگ سمگلر منشیات کی رقم دہشت گرد تنظیم کو فنڈنگ کے لیے استعمال کرتے تھے۔

(جاری ہے)

خصوصی مہم کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب 75 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ جن میں 29 بدنام زمانہ اشتہاری بھی شامل ہیں۔

جبکہ 4افراد کو 3ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔ تھانہ لکی ، تھانہ غزنی خیل، تھانہ پیزو، تھانہ نورنگ، تھانہ تجوڑی، تھانہ گمبیلا اور تھانہ ڈڈی والا کے اہلکاروں اس نے اس خصوصی مہم میں حصہ لیا۔مہم کے دوران جو منشیات اور اسلحہ پولیس قبضہ میں لیا گیا ان میں 95 کلو گرام چرس ساڑھے سات کلوسے زائد ہیروئن اور آئس، 3عدد ایس ایم جی، 2عدد رائفلز، 3عدد شاٹ گن، 7عدد پستول، 2ہینڈ گرینیڈ اور 444عدد کارتوس شامل ہیں۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے ڈرگ مافیا اور اشتہاری ملزمان کے خلاف بھر پور کامیاب مہم پر لکی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسمیں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کے لیے نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔