سینیٹر فدا محمد کی زیر صدارت ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 22 نومبر 2019 20:10

سینیٹر فدا محمد کی زیر صدارت ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر کمیٹی سینیٹر فدا محمد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کے 8 مئی 2019 کو ہونے والے سینیٹ اجلاس میں کیے گئے سوال برائے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز سے 2013ء سی2019ء تک حاصل ہونے والی آمدن کے علاوہ سٹرکوں کی روٹین، ایمرجنسی، متواتر اور بحالی کے کام اور خرچ کردہ فنڈز، لاہور اسلام آباد جی ٹی روڈ کے مرمتی کاموں کی تفصیل کے علاوہ ذیلی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

ذیلی کمیٹی کو گزشتہ اجلاس میں پوچھے گئے سوالات پر عملدرآمد کے حوالے سے بتایا گیا کہ موٹر ویز اینڈہائی ویز پر قائم وزن اسٹیشن سے 1335 ملین اوور لوڈ جرمانے کی مد میں اکٹھا کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزن اسٹیشن ٹھیکے پر دیئے گئے ہیں ٹھیکہ ایک سال کا ہوتا ہے۔ کل وزن اسٹیشن161 ہیں جن میں سے 19 موبائل اسٹیشن بھی شامل ہیں۔موٹرویز پر وزن اسٹیشن لوپ سے باہر ہوتے ہیں اوور لوڈ گاڑی موٹر وے پر نہیں آسکتی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایم نائن موٹر وے کے معیار پر پورا نہیں اترتی۔80 سے زائد ہوٹلز اور پیٹرول پمپس ہیں جنہیں علیحدہ سروس روڈ دینی تھی جو نہیں دی جا سکی۔ سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار نے کہاکہ گڈانی وزن اسٹیشن کو کب آؤٹ سورس کیا گیا اور کس کو دیا گیا اس سے حاصل ہونے والی آمدن و دیگر تفصیلات کمیٹی کو فراہم کی جائیں۔لاہور سے اسلام آباد ہائی ویز کے مرمتی کاموں جن میں روٹین ایمرجنسی، متواتر اور بحالی کے کاموں کی تفصیلات سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیاگیا۔

اراکین کمیٹی نے این ایچ اے کی طرف فراہم کردہ ورکنگ پیپرز پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی کمیٹی کو اہمیت دینی چاہیے۔معلومات کا ایک پلندہ دیا گیا کون سی معلومات کہاں ہے اس حوالے کوئی کام نہیں کیا گیا۔ ذیلی کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً کمیٹی کی مزید کارروائی اگلے اجلاس تک موخر کر دی تاکہ اراکین کمیٹی ورکنگ پیپر کی سٹڈی کر کے سوالات کر سکیں۔

کنوینئر کمیٹی سینیٹر فدا محمد نے کہا کہ مکمل تیاری کے ساتھ کمیٹی کو معلومات دی جائیں۔ گزشتہ اجلاس میں بار ہا اراکین کمیٹی کے پوچھے گئے سوالات وزارت کے حکام کو لکھوائے تھے مگر بروقت جواب فراہم نہیں کیے گئے۔آئندہ اجلاس میں ورکنگ پیپر کو ترتیب کے ساتھ کمیٹی اجلاس میں بروقت پیش کریں۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز ڈاکٹر اشوک کماراور میاں محمد عتیق شیخ کے علاوہ سیکرٹری وزارت مواصلات اور این ایچ اے حکام نے شرکت کی۔