سید خورشید احمد شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

ہفتہ 23 نومبر 2019 18:11

سید خورشید احمد شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2019ء) احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کرتے ہوئے نیب کو دوبارہ 7 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں نیب کے ہاتھوں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کو عدالت کیجانب سے دیا گیا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے پر نیب نے ہفتے کے روز انہیں دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کیا، سید خورشید احمد شاہ کو این آئی سی وی ڈی اسپتال جہاں پر اس وقت ان کا علاج جاری ہے سے ایمبولینس میں احتساب عدالت لایا گیا سماعت کے موقع پر نیب نے احتساب عدالت کے جج سے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15روز کی توسیع کرنے کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی اور نیب کو انہیں دوبارہ 7 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ،اس موقع پر خورشید شاہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ خورشید شاہ کا موبائل نیب کے پاس ہے وہ دلوایا جائے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کا موبائل فرانزک کے لیے بھیجا گیا ہے فرانزک مکمل ہونے پر انہیں ان کا موبائل واپس کردیا جائے گا سماعت کے دوران جج نے خورشید شاہ سے مکالمہ بھی کیا اور ان سے پوچھ کہ آپ کی طبیعت کیسی ہے آپ کو کوئی پریشانی یا تکلیف تو نہیں ہے جس پر خورشید شاہ نے جواب دیا کہ میری طبیعت بہتر ہے اور الحمد للہ فی الحال کوئی پریشانی یا تکلیف نہیں ہے ،خورشید شاہ کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیئر حسنین بخاری، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیدہ نفیسہ شاہ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد عدالت کے باہر اور اندر موجود تھی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے ،واضح رہے کہ خورشید شاہ کو گذشتہ سماعت پر عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا تاہم ان کی طبیعت خراب دل کی تین شریانیں بند ہونے کی ہونے کی وجہ سے انہیں جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور وزارت داخلہ سندھ نے اسپتال کے ایمرجنسی روم کو سب جیل قرار دیا ہوا ہے۔