اقتدار کی کرسی پرڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں،ہم ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں‘حکومت اپنی مدت پوری کرے گی‘ ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں‘ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی اور دیگر مالی اشاریوں کا مثبت رجحان، ہماری معاشی بہتری کو ظاہر کر رہا ہے

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب

ہفتہ 23 نومبر 2019 18:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتدار کی کرسی پرڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں،ہم ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں‘حکومت اپنی مدت پوری کرے گی‘ ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں‘ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی اور دیگر مالی اشاریوں کا مثبت رجحان، ہماری معاشی بہتری کو ظاہر کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ملتان کی این اے 157 کی یونین کونسل 63سیتل ماڑی ‘ یوسی 42‘یوسی 19میں مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زادہ زین حسین قریشی ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ‘ رانا عبدالجبار‘ سید بابر شاہ ‘ شیخ طاہر وپی ٹی آئی رہنماوںکی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا سی پیک اور بیلٹ اینڈروڈ جیسے منصوبے ہماری حکومت کے شاندار منصوبے ہیں‘ سی پیک خطے میں تبدیلی کا استعارہ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیاحت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی جیسے ثمرات حاصل ہونگے‘ ان منصوبوں کی تکمیل سے رکاوٹیں ختم ہونگی ،دونوں ملکوں کے عوام قریب آئیں گے اور روابط کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں ہماری توجہ صنعت سازی اور معاشی و معاشرتی ترقی پر مرکوز ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے "سی پیک اتھارٹی" قائم کر دی گئی ہے۔

صنعتی ترقی کیلئے حکومت بہت جلد اقتصادی زونز قائم کرنے جارہی ہے۔انہوں نے کہا این اے 156کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنے ووٹوں سے مجھے منتخب کرکے اسمبلی میں بھیجا اور ان کا منتخب نمائندہ دنیا بھر میں پاکستان کی بھر پور نمائندگی کررہا ہے۔انہوں نے کہا ملتان کی مٹی سے پیار ہے۔ یہاں کے عوام کی محبتیں قرض ہیں اور اب قرض کو اتارنے کا وقت آگیا ہے۔

الیکشن کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا وقت آگیا ہے۔ ملتان کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان تیار ہو رہاہے اور جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ملتان شہر کیلئے ایک بہت بڑے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا جائے گا اس خطے کی محرومیاں دور کریں گے اور جو کچھ ہو سکا اس خطے کی ترقی کیلئے کرونگا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 157 اور این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا۔