چکوال، آلودگی پھیلانے والے کسی بھی شخص یا ادارے کے خلاف گرین کورٹس میں مقدمہ دائر کیا جاسکتا ہے، مقررین

ہفتہ 23 نومبر 2019 19:45

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2019ء) ماحولیات کے تحفظ اور آلودگی کے خاتمہ کے لیے پنجاب کی تمام عدالتوں کو گرین کورٹس کے اختیارات حاصل ہیں، آلودگی پھیلانے والے کسی بھی شخص یا ادارے کے خلاف گرین کورٹس میں مقدمہ دائر کیا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چکوال میں ماحولیات کے تحفظ اور آلودگی کے خاتمہ کے حوالے سے منعقدہ خصوصی سیمینار سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار کے مہمان خصوص ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شازب سعید تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ جج کے ہمراہ ایڈیشنل سیشن جج حسنین رضا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج فرح ناز مرزا سینئر سول میڈم سائرہ نورین ملک شاہد حسین اعوان سول جج عمر نواز وڑائچ اور سیف اللہ تارڑ بھی تھے۔ تقریب کی صدارت لاہور سے آنے والے ماہرین ماحولیات احمد رافع عالم ایڈووکیٹ اشفاق احمد کھرل ایڈووکیٹ اور بیرسٹر عامر ظفر نے کی ۔

(جاری ہے)

سیمینار سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاذب سعید صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری خالقداد گجر جنرل سیکرٹری چوہدری طلعت محمود ماہرین قانون اور صدر بار چوہدری خالق داد ایڈووکیٹ کی صاحب زادی مریم شاد نے بھی خطاب کیا اور ماحولیات کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لیے موجود قوانین کو حرکت میں لانے اور قوانین کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کی اہمیت اجاگر کی اور متعلقہ قوانین کے حوالہ جات پیش کیے۔