Live Updates

دوسروں کا خیال رکھنا اور رحم دلی انسانیت کے مظاہر ہیں خاتون اول ثمینہ علوی کا وزارت امور خارجہ کے لان میں چیئریٹی بازار کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 24 نومبر 2019 15:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2019ء) پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کا سالانہ چیئریٹی بازار اتوار کو منعقد ہوا۔ خاتون اول ثمینہ علوی نے وزارت امور خارجہ کے لان میں چیئریٹی بازار کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے سفراء کی بیگمات اور اہل خانہ نے مختلف سٹال لگائے جس میں ان ممالک کی متنوع ثقافتی مظاہر کی عکاسی کی گئی۔

ہر سال پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کی جانب سے کم آمدنی والے عملے کے اہل خانہ کی تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے لئے سالانہ چیئریٹی بازار کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ خاتون اول ثمینہ علوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کا خیال رکھنا اور رحم دلی انسانیت کے مظاہر ہیں۔ اس ضمن میں ڈپلومیٹک کور کے اس مقدس مقصد کے لئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کا قیام بیگم رعنا لیاقت علی خان کی سفارشات پر عمل میں لایا گیا تھا اور شائستہ اکرام اللہ اس کی پہلی پیٹرن تھی۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ ڈپلومیٹک کور نے اس عظیم ورثے کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ ریزنگ کے علاوہ یہ بازار مختلف ممالک کے متنوع ثقافتی مظاہر کی عکاسی کر رہا ہے۔

انہوں نے شرکاء کو اپنی گزشتہ دو عشروں سے زائد سماجی خدمات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ معاشرے کے محروم طبقات کو صحت، تعلیم اور پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی کے لئے وہ بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ابتدائی تشخیص سے ملک کی ہزاروں خواتین کو اس موذی مرض سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفارتکاروں اور ان کی بیگمات کی جانب سے اس نیک مقصد کے لئے تعاون خوشآئند ہے۔ پاکستان فارن آفس فار وومن ایسوسی ایشن کی صدر مہوش سہیل نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ سالانہ چیئریٹی بازار کے ذریعے نہ صرف بین الاقوامی برادری کو اپنے ثقافتی ورثہ اور اقدار کو روشناس کرانے کا موقع ملتا ہے بلکہ یہ سماجی بہبود کے مشترکہ ہدف کے حصول میں بھی معاون ہے۔

پی ایف او ڈبلیو اے کی پیٹرن مہرین قریشی نے کہا کہ ایسوسی ایشن 72سالہ تاریخ کی امین ہے۔ اس موقع پر چینی سفارتخانہ کے ناظم الامور نے پی ایف او ڈبلیو اے کی پیٹرن کو 10لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ قبل ازیں خاتون اول نے چیئریٹی بازار میں سجائے گئے مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور مختلف ممالک کے سٹالوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے دستخطوں سے مزین دو بلوں اور گیندوں کی نیلامی بھی منعقد ہوئی۔

نیلامی سے حاصل رقم کو چیئریٹی فنڈ میں عطیہ کیا جائے گا۔ سفارتی عملے کے بچوں نے اپنے ممالک کے ملبوسات پہن کر پریڈ آف نیشن میں شرکت کی اور اپنے قومی پرچم لہرائے۔ تقریب میں کشمیری فنکاروں کے گیتوں اور رقص کو سراہا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین ماہ سے جاری کرفیو اور لاک ڈائون کی عکاسی کی گئی تھی۔ چیئریٹی بازار میں چین، روس، آذربائیجان، انڈونیشیا، مصر، بنگلہ دیش، ایران، جاپان، وسطی ایشیائی ریاستوں ملائیشیا، پرتگال، سعودی عرب، سری لنکا، سوڈان، تیونس، ترکی، ازبکستان، یمن اور کئی دیگر ممالک نے حصہ لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات