تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کا فیس بک کے اشتراک سے غذائی تحفظ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے ڈیزائن ہیکاتھون کی میزبانی کا اعلان

ملک بھر میں غذائیت کی کمی کے چیلنج سے نمٹنے اور لاکھوں افراد کی زندگیوں کو بچانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اتوار 24 نومبر 2019 18:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2019ء) تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن نے فیس بک کے اشتراک سے غذائی تحفظ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے اپنی نوعیت کی پہلی دو روزہ ڈیزائن ہیکاتھون کی میزبانی کا اعلان کیا ہے جو 14سی15 دسمبر کو نیشنل انکیوبیشن سینٹر اسلام آباد میںہو گی۔ اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں لاکھوں بچے غذائی قلت کی وجہ سے صحت اور ترقی کے ثمرات سے محروم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ احساس تخفیف غربت پروگرام کا یہ ترجیحی شعبہ ہے جس پر بھر پور توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

یہ ڈیزائن ہیکا تھون غذائیت کے ماہرین کو جدید مارکیٹ کے ماہرین سے منسلک کرے گا جس کے تحت فیس بک کی اضافی معاونت سے غذائیت کے مخصوص چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جدید ڈیجیٹل مہم جوئی کے آغاز میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ٹیکنالوجی اور سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز کی شراکت داری سے غذائیت کے بارے تعلیمی و آگاہی پیغامات کے ساتھ احساس پروگرام کو ملک بھر میں نئے لوگوں تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعطم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سامجی تحفظ ڈویژن ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ "احساس ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ٹیکنالوجی میں سب سے روشن صلاحیتوں کے حامل ٹیلنٹ کو ہمراہ لے کر چل رہی ہے تاکہ ملک بھر میں غذائیت کی کمی کے چیلنج سے نمٹنے اور لاکھوں افراد کی زندگیوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ سماجی رابطے ایک اہم چینل کی حیثیت رکھتے ہیں جو عوام میں آگاہی کے حوالے سے کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس کلیدی ہیکاتھون کا نتیجہ خیز ہوناباعث مسرت ہے ۔

دلچسپی کے حامل اداروں، ہیلتھ سٹارٹ اپس، این جی اوز اور انفرادی شخصیات جوسماجی تحفظ، انصاف اور غربت کے خاتمہ کے خواہاں اور پر عزم ہیں ایسے درخواست گزاروں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ درخواستوں کے فارم https://forms.gle/ctZ1zJdVjbWVhy3d7. پر دستیاب ہیں۔