پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ جیت لیا

پیر 25 نومبر 2019 19:23

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2019ء) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ جیت لیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی تھے۔ 21 سے 24 نومبر 2019ء کے دوران منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں پاکستان کے نمایاں تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات شریک ہوئے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے شریک طلباء میں سرٹیفکیٹس اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ انگلش مباحثہ میں پہلا انعام پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے جنٹلمین کیڈت عبدالقدیر جبکہ دوسرا انعام سرسید گورنمنٹ گرلز کالج کراچی کی مس کشف فہیم نے حاصل کیا۔ اردو مباحثہ میں بھی پہلا انعام پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے جنٹلمین کیڈٹ جنید ابراہیم نے جیتا جبکہ لاہور کالج فار ویمن کی مس رابعہ بصری دوسرے انعام کی حقدار ٹھہریں۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس سال آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ کے موضوع قومیت، کشمیر اور آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ تھا، اکیڈمی ڈرامیٹک کلب نے مسئلہ کشمیر اور پاک فضائیہ کے کامیاب آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کو اجاگر کرنے کیلئے شاندار خاکے پیش کئے۔ آل پاکستان بین الکلیاتی مباحثہ 1974ء سے پی اے ایف اکیڈمی کے تعلیمی کیلنڈر میں مستقل چلا آ رہا ہے اور اسے ملک بھر میں منعقد ہونے والے تمام مباحثوں میں نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ ان مقابلوں کے شرکاء کو کیڈٹس کے ساتھ کچھ وقت گذارنے کا موقع بھی ملتا ہے اور اکیڈمی کے شب و روز کے بارے میں کچھ آگاہی بھی حاصل ہوتی ہے۔