سعودی شہری کی جلی ہوئی اور ناکارہ گاڑی نے راتوں رات اس کی قسمت بدل دی

سعودی نے اپنی پُرانے ماڈل کی جلی ہوئی گاڑی امریکی نیلام گھر میں رکھوا دی، جہاں اس کی بولی 30 لاکھ ریال لگ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 نومبر 2019 13:38

سعودی شہری کی جلی ہوئی اور ناکارہ گاڑی نے راتوں رات اس کی قسمت بدل دی
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 نومبر 2019ء) قسمت جب کسی پر مہربان ہوتی ہے تو اس کے پاس موجود بیکار مال کو بھی سونے کے برابر تول کر رکھ دیتی ہے۔ کچھ ایسا ہی ماجرا ایک سعوی شہری کا ہوا جس پر قسمت کی دیوی ایسی مہربان ہوئی کہ اُسے راتوں رات کروڑ پتی بنا گئی۔ العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی شہری نے آج کئی دہائیوں پہلے ایک کار خریدی تھی۔ جو کچھ سال قبل ایک حادثے کے نتیجے میں آگ لگنے کے باعث پُوری طرح جل کر تباہ ہو گئی۔

آگ سے گاڑی کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ موٹر کا بکس جلا ہوا ہے اور رنگ بھی جگہ جگہ سے اڑ گیا ہے۔ سعودی شہری اس ساری صورتِ حال سے بہت دل برداشتہ ہوا۔ شروع میں اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اسے پُرانی گاڑیوں کے کباڑ خانے کے حوالے کر کے اس کے قابلِ استعمال پرزوں اور دیگر سامان کے عوض چند سو ریال حاصل کر لے گا۔

(جاری ہے)

تاہم بعد میں اُسے پتا چلا کہ اس کے پاس موجود یہ جلی ہوئی گاڑی بہت قیمتی اور نایاب ترین ماڈل کی ہے۔

دُنیا بھر میں اس ماڈل کی صرف 34 گاڑیاں موجود ہیں۔امریکی کارساز کمپنی نے 1961 میں یہ گاڑی بنیادی طور پر کمپنی کے ایک بڑے صارف کے لیے تیار کی تھی۔ اس میں ریسنگ کار کا انجن لگا ہوا ہے۔ جس کے بعد اس نے اسے کباڑیوں کو اونے پونے بیچنے ارادہ ترک کر دیا اور امریکا کے بین الاقوامی نیلام گھر میں نیلامی کے لیے رکھوا دیا۔سعودی شہری کا خیال تھا کہ اس کی گاڑی چند ہزار ریال میں فروخت ہو جائے گی۔

مگر اُسے کیا پتا تھا کہ اس نایاب گاڑی کی قیمت 30 لاکھ ریال میں خرید لی جائے گی، پاکستانی کرنسی میں اس کی مالیت 11 کروڑ سے زائد بنتی ہے، اور وہ بھی ایسی گاڑی کے لیے جو اب نہ تو قابل استعمال رہی ہے، اور نہ اس کا کوئی پُرزہ صحیح سلامت ہے۔سعودی شہری کی یہ جلی ہوئی گاڑی اسی کے ایک ہم وطن نے مہنگے داموں خرید لی تھی۔ جسے آج کل ریاض سیزن کے بین الاقوامی موٹر شو میں رکھا گیا ہے۔نایاب گاڑیوں کے شائقین کی جانب سے اس گاڑی میں بہت دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ اس تباہ حال گاڑی کو اب کمپنی کی فیکٹری میں واپس لے جا کر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ لطف کی بات یہ ہے کہ اس گاڑی کے ایک جانب ’تالفہ‘ کا لفظ تحریر ہے جس کے معنی ہیں کہ یہ گاڑی ناکارہ ہے۔