ادارے انسداد ڈینگی مہم میں نرمی نہ دکھائیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شعیب علی

جمعرات 28 نومبر 2019 19:58

سرگودہا۔28نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے گزشتہ ہفتہ کے دوران ڈینگی کے دو نئے کیسز سامنے آنے کے بعد احتمال ظاہر کیا ہے کہ لاروا ابھی متحرک ہے جسے تلف کرنے کی ضرورت ہے تمام ادارے سستی کاہلی یا انسداد ڈینگی مہم میں نرمی نہ دکھائیں اپنی معمول کی سرگرمیاں تیز رکھیں تاکہ ڈینگی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے انسداد ڈینگی اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے فاروق حیدر عزیز ‘سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمد ،ڈی ایچ او ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی ،فوکل پرسن انسداد ڈینگی مہم ڈاکٹر طارق حسن ، تعلیم،ریسکیو 1122،شہری دفاع،زراعت ،لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموںکے افسران اور نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ انسداد ڈینگی مہم میں کسی قسم کی نرمی یا سستی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔تمام محکموںکو اپنی ذمہ داریاں ہر صورت ادا کرنی ہیںاور ڈینگی جیسے مہلک مرض کو سرے سے ختم کرنا محکمہ صحت کے چارٹر کا حصہ ہے۔ فوکل پرسن ڈاکٹر طارق حسن نے آئوٹ ڈور اور ان ڈور ٹیموں کی کارکردگی بارے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مہم کے بارے میں آگاہی کی تفصیلات حاصل کیں اور انہیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔