کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار سے بد تمیزی سے پیش آںے والی خاتون کون ہیں ؟

خاتون کی گاڑی پولیس نے برآمد کر کے اُسے سیل کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 29 نومبر 2019 12:08

کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار سے بد تمیزی سے پیش آںے والی خاتون کون ہیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2019ء) : کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار سے بد تمیزی کرنے والی خاتون کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں تاہم پولیس تاحال خاتون کا سُراغ لگانے میں ناکام ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے پوش علاقہ ڈیفنس میں پیش آیا تھا، ٹریفک قانون توڑنےاورٹریفک پولیس اہلکارسے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی گاڑی پولیس نے برآمد کر کے اُسے سیل کردیا۔

تاہم تاحال ملزمہ کا سُراغ نہیں لگایا جا سکا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاتون اپنا موبائل کچھ دیرکے لیے آن کرتی ہے۔ پھر آف کردیتی ہے جس کے باعث تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی جانب سے پہلے مالک سے گاڑی دو سال قبل خریدی گئی تھی جو ٹرانسفرنہیں کروائی گئی۔ ای ٹکٹنگ کے ذریعے گاڑی کا چالان بھی سابقہ مالک کو بھیج دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تین روز قبل کراچی کے پوش علاقہ ڈیفنس میں ایک خاتون نے ٹریفک قوانین کو توڑا اور ٹریفک پولیس اہلکار کے ساتھ بد تمیزی سے پیش آنے کے ساتھ ساتھ اسے دھمکیاں بھی دیں جس کے بعد خاتون فرار ہو گئی۔ خاتون کے خلاف بعد ازاں مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے مذکورہ خاتون کی تلاش کا آغاز کر دیا تاہم تاحال پولیس اس خاتون کو تلاش کرنے میں ناکام ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا تھا کہ مذکورہ خاتون نے نہ صرف غلیظ الفاظ استعمال کیے بلکہ چالان لینے سے بھی انکار کیا اور موقع سے گاڑی بھگا کر لے گئیں۔ خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے بھی اسے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس طرح کے شہری جو پروٹوکول کے عادی ہوتے ہیں اور قانون کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں ، کے خلاف سخت ایکشن لے کر ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئیے تاکہ آئندہ کوئی ٹریفک قوانین یا کسی بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے کے بعد ایسے تیور نہ دکھا سکے۔