پنجاب میں رواں سال کی آخری تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم 16دسمبر سے شروع ہو گی

جمعہ 29 نومبر 2019 13:55

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2019ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں رواں سال کی آخری تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم 16دسمبر سے شروع ہو گی جبکہ 18دسمبر تک 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے نیز19اور 20دسمبر کو مزید دو دن بھی پولیو ٹیموں کو متحرک رکھا جائے گا تاکہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جا سکیں۔

مزید برآں اس مہم کے دوران فیصل آباد ضلع میں پانچ سال تک کی عمر کے 13 لاکھ 78 ہزار100 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 3323 ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہونگی ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران بتائی گئی جو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ہیڈکوارٹرز) عفیفہ شاجیہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد ‘ ڈاکٹر بلال احمد ‘ ڈاکٹر رانا عمران ‘ سیکرٹری آر ٹی اے ضمیر حسین کے علاوہ محکمہ تعلیم ‘ سوشل ویلفیئر ‘ لیبر ‘ پاپولیشن ویلفیئر ‘ کوآپریٹو ‘ پنجاب پولیس ٹریفک پولیس و دیگر محکموں کے افسران‘ پرائیویٹ سکولز الائنس کے چیئرمین صداقت حسین لودھی ‘ پختون آبادیوں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ہیڈ کوارٹرز ) نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو کی آئندہ قومی مہم سے قبل تمام تر ضروری تیاریوں کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے اور سابقہ مہم کی خامیوں و کمزوریوں کا بھی ازالہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کی رپورٹس کو سامنے رکھ کر آئندہ کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ ضلع بھر میں کسی جگہ پانچ سال کی عمر کا کوئی بچہ حفاظتی ویکسین کے بغیر نہ رہے ۔

انہوں نے والدین میں زیادہ سے زیادہ ذمہ داری اور احساس برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن تشہیری ذرائع بروئے کار لانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ اڈوں کے نمایاں مقامات پر بینرز آویزاں کرنے سمیت اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ مہم کے سلسلے میں بچوں کو قطرے پلانے کے لئے ضروری انتطامات کو مکمل کیا جارہا ہے ۔