ریاست کی رٹ لوگوں کو بے روزگار یا بے گھر کر کے قائم نہیں ہو گی، سید مصطفی کمال

ملک ایسے بحران کی طرف چلا جائے گا جس سے نکلنا ناممکن ہو گا۔ ہمارے زمانے میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن ہوتے تھے لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے لیے نالے میں بسنے والے 28 ہزار خاندانوں کو عدلیہ کے احکامات کے مطابق 80 گز کا پلاٹ اور 50 ہزار کے چیکس دیئے

جمعہ 29 نومبر 2019 22:55

ریاست کی رٹ لوگوں کو بے روزگار یا بے گھر کر کے قائم نہیں ہو گی، سید مصطفی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ ریاست کی رٹ لوگوں کو بے روزگار یا بے گھر کر کے قائم نہیں ہو گی بلکہ ملک ایسے بحران کی طرف چلا جائے گا جس سے نکلنا ناممکن ہو گا۔ ہمارے زمانے میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن ہوتے تھے، صرف لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے لیے نالے میں بسنے والے 28 ہزار خاندانوں کو عدلیہ کے احکامات کے مطابق 80 گز کا پلاٹ اور 50 ہزار کے چیکس دیئے گئے اور معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوا۔

عدالت عظمی لوگوں کو متبادل دیئے بغیر بے گھر اور بے روزگار کرنے کا نوٹس لے کہ ریاست اپنی زمہ داریاں کیوں پوری نہیں کر رہی۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، یہاں لوگوں کا اتنے بڑے پیمانے پر بے روزگار اور بے گھر ہونا پورے ملک کے لیے نقصان دہ اور معاشی طور پر تباہ کن ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

یہ لوگ پاکستانی ہیں، اسی ریاست اور ملک کے شہری ہیں۔ انکے ساتھ ظلم اور مجرموں والا سلوک بند کیا جائے یا پھر ریاست نئے شہر آباد کر کے انہیں پلاننگ کے ساتھ روزگار اور گھر فراہم کرے۔

ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے۔ موجودہ حکومتیں انسانوں سمیت ہر چیز کو آمدنی بڑھانے کے نظریے سے دیکھتی ہے جبکہ اسکا کام دستیاب وسائل میں لوگوں کی خدمت اور زندگیاں بہتر بنانا ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے آج کروڑوں لوگ غربت کی لکیر کے نیچے پہنچ چکے ہیں جو خو وقت کی روٹی بھی خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے تو گھر کہاں سے بنائیں گے۔

عدالت حکومتوں سے پوچھے کے وہ لوگوں کو گھر فراہم کرنے کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے اور اس میں تاخیر کی کیا وجہ ہے نیز حکومت وقت کو پابند کرے کے لوگوں کو بے گھر یا بے روزگار کرنے سے پہلے متبادل فراہم کیا جائے۔ ہم تجاوزات کے حق میں نہیں ہیں لیکن حکومت کو چاہیے کہ وہ مزید تجاوزات بننے سے روکے اور دو دو دہائیوں سے قائم تجاوزات میں آباد ریاست کے غریب شہریوں کو باعزت روزگار اور چھت فراہم کرے۔