آزادی مارچ میں کنٹینر کی ٹکر سے ایک شخص کی ہلاکت کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

رہبر کمیٹی، مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف، بلاول بھٹو ودیگر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا

ہفتہ 30 نومبر 2019 18:25

آزادی مارچ میں کنٹینر کی ٹکر سے ایک شخص کی ہلاکت کیخلاف اسلام آباد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپوزیشن کے آزادی مارچ میں کنٹینر کی ٹکر سے ہلاک ہونیوالے شخص کے معاملے پر درخواست دائر کردی گئی ، درخواست میں رہبر کمیٹی، مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف، بلاول بھٹو ودیگر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپوزیشن کے آزادی مارچ میں کنٹینر کی ٹکر سے ہلاک ہونیوالے شخص کے معاملے پر راولپنڈی کے رہائشی اکرم چودھری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں رہبر کمیٹی، مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف، بلاول بھٹو ودیگر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نائنتھ ایوینیو پر چھ نومبر کو میرا بیٹا سٹریٹس لائٹیں بند ہونے کی وجہ سے کنٹینر کیساتھ ٹکرا کر ہلاک ہوا،بیٹے کی ہلاکت کی زمہ داری آزادی مارچ انتظامیہ اور اسلام آباد انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی کو اپوزیشن رہنماؤں ، رہبر کمیٹی اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دیا جائے ۔درخواست میں رہبر کمیٹی ، مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف، بلاول بھٹو ،میر حاصل بزنجو ، عثمان کاکڑ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔