پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے شادی کے 14سال بعد خودکشی کر لی

بھارت میں میاں بیوی نے تلخ کلامی کے بعد ریلوے پلیٹ فارم پر ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کرلی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار دسمبر 14:40

پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے شادی کے 14سال بعد خودکشی کر لی
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔01دسمبر2019ء) : اکثر ایسے واقعات سننے میں آتے ہیں کہ محبوب نے محبوبہ کی جان لے لی یا محبوبہ نے محبوب کی جان لے لی، بعض اوقات ایسی بھی خبریں سننے میں آتی ہیں کہ محبوب نے محبوبہ کی جان لے کر خودکشی کر لی یا میاں بیوی میں سے کسی ایک نے لڑائی جھگڑے سے تنگ آکر خودکشی کر لی لیکن اب بھارت کی ریاست ہریانہ میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے شادی کے 14سال بعد خودکشی کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں میاں بیوی نے تلخ کلامی کے بعد ریلوے پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے ریاست ہریانہ میں ایک ہندوستانی جوڑے نے شادی کے 14 سال بعد ریلوے پلیٹ فارم سے کود کر خودکشی کرلی ہے، یہ واقعہ 28 نومبر کو پیش آیا۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق جوڑے کی شناخت 37 سالہ نیرج اور 35 سالہ نشا کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے پسند کی شادی کی تھی اور ہریانہ کے یمنون نگر شہر میں رہ رہے تھے۔ ان کے دو بیٹے ہیں جن کی عمر 14 اور آٹھ ہے۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ موت کی وجہ خودکشی ہے اور بتایا گیا ہے کہ جوڑے کی اس اقدام سے قبل شدید بحث ہوئی تھی۔ جوڑے کے خاندان کے افراد نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

ہندوستانی اخبار کے مطابق 27 نومبر کی رات جوڑے میں مبینہ طور پر شدید بحث ہوئی۔ نشا گھر سے نکل کر قریبی ریلوے اسٹیشن گئی۔ نیرج اپنی بیوی کو راضی کرنے کی امید میں اس کے پیچھے گیا لیکن اس کے بعد دونوں نے پلیٹ فارم سے کود کر خودکشی کرلی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیروزپور دھن آباد ایکسپریس ٹرین کے قریب آتے ہی جوڑے نے پلیٹ فارم پر بحث جاری رکھی اچانک نشا نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگا دی۔

اپنی بیوی کو اپنی جان لیتا دیکھ کر نیرج بھی ٹرین کے سامنے اچھل پڑا۔ ان کی لاشوں کو صبح کے وقت گورنمنٹ ریلوے پولیس نے دریافت کیا۔ پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے اور پولیس ابھی بھی اس بحث کے حوالے سے حقائق کو ڈھونڈنے کے لئے کام کر رہی ہے ، جس نے جوڑے کو اس طرح کا انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور کردیا۔