جھالاوان میں تعلیمی ماحول اور تعلیمی سوچ بھر پور انداز میں پروان چڑھ رہا ہے ،حافظ طاہر

یہاں کے بچوں میں تعلیمی استعداد کار ،علمی مہارت جوبن پر ہے ، خضدار پورے بلوچستان کے ماتھے کا جھومر بن کر علمی مرکز کے طور پر متعارف ہورہاہے ،کمشنر قلات ڈویژن

اتوار 1 دسمبر 2019 18:50

ْخضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2019ء) کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے کہاہے کہ جھالاوان میں تعلیمی ماحول اور تعلیمی سوچ بھر پور انداز میں پروان چڑھ رہی ہے ، یہاں کے بچوں میں تعلیمی استعداد کار اور علمی مہارت جوبن پر ہے ، اس لیئے خضدار پورے بلوچستان کے ماتھے کا جھومر بن کر علمی مرکز کے طور پر متعارف ہورہاہے ، جو کہ ہم سب کے لئے حوصلہ افزاء اور باعث مسرت ہے ، آج یہاںپاک اسلامک پبلک ہائی اسکول کے بچو ں کی صلاحیت ، اعتماد اور بولنے کا انداز کافی متاثر کن تھا اور یہ علمی بلندی اس بات کی گواہی ہے کہ آنے والے دن اور آنے والا مستقبل علمی ترقی، معیار و میرٹ کے حوالے سے خضدار کے لئے روشن اور تابناک ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں خضدار میں پاک اسلامک پبلک ہائی اسکول خضدار کی سالانہ پرُو قار الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کئی گھنٹے پر محیط اس تعلیمی ادارے کی تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کیئے قومی ترانہ پڑھا گیا ، ثقافتی اورروایتی رنگ بھرے پروگرامز پیش کیئے کئے ، کامیڈی اور ٹیبلو کے نئے انداز شرکاء کو دکھائے گئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کیئے ۔

تقریب میں بی آر سی خضدار کے سابق پرنسپل حاجی محمد عالم جتک ، خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن انجینئر رضاء زہری ،عبداللہ شاہوانی ، ندیم گرگناڑی ، امام جاموٹ ، عبدالواحد رند چیئرمین عبدالحی زہری ، پروفیسر محمد اسحاق باجوئی سمیت دیگردیگر خواتین و حضرات کی کثیرتعداد موجود تھی ۔ ادارہ ہذا کے بچے اور بچیوں قندیل بلوچ ، زہرا بلوچ ،کنزا بلوچ ، ندا لودھی ، فرقان بنگلزئی ، زینش ، عینان ، مصباح ، ندالودھی ، افساء نہ ، اقراء ، صائمہ ، زینب و ان کی ٹیموں نے اسٹیج پر بھر پور انداز میں پُرفارمنس کا مظاہرہ کیا ۔

دلنشین تقاریر ، اور متاثر کن کمپیئرنگ کے فرائض سرانجام دیئے ، ان طلباء و طالبات میں کمشنر قلات ڈویژن نے انعامات اور شیلڈ تقسیم کیئے ۔اور پاک اسلامک پبلک ہائی اسکول خضدار کی دو با صلاحیت طالبات افشاء خدائے رحیم زہری اورفاطمہ جاوید نے میڈیکل کالج سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں تھیں۔ کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے اس خصوصی و منفرد کامیابی پران میں خصوصی طور انعامات تقسیم کیئے ۔

افشاء خدائے رحیم زہری نے میڈیکل داخلہ سیٹ میں پورے ڈسٹرکٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی ۔ الوداعی تقریب سے پاک اسلامک پبلک ہائی اسکول خضدار چیئرمین عید محمد ایڈوکیٹ ، پرنسپل خلیل احمد رودینی ، عادل بلوچ نے بھی خطاب کیااور اپنے تعلیمی ادارے کی کار کردگی پر روشنی ڈالی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر کا کہنا تھا کہ میں ایسے تعلیمی اداروں پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ جو یہاں تعلیمی ماحول و سوچ و تعلیمی ترقی اور آنے والی نسلوںکو زیور ِ تعلیم سے آراستہ کرنے میں اپنا کردار نبہا رہے ہیں۔

یہی ہماری تمنا بھی ہے اور منزل بھی ہے جو یہ اساتذہ اور تعلیمی ادارے کے منتظمین نبہار ہے ہیں ۔ یقینا اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہوسکتی ہے کہ خضدار میں بھی تعلیمی ادارے ملک کے بڑے شہروں کے تعلیمی اداروں کے برابر کا مقام وحیثیت حاصل کرچکے ہیں ۔ اب تعلیمی پسماندگی اور تعلیمی انحطاط کی باتیں پرانی ہوچکی ہیں یہاں بھی تعلیم کی سہولت موجود اور باصلاحیت اساتذہ دستیاب ہیں والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پڑھائیں ، اور معاشرے میں ایسی سوچ قائم کی جائے کہ وہ تعلیم ہی کی طرف راغب ہوں اور علم کو اپنا مقصد و منزل بنائیں ۔

کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے کہاہے کہ تربیت اور علم کا جو سلسلہ برقرار ہے وہ اطمینان بخش ہے ۔ خضدار ضلع کو ہر حوالے سے اہمیت حاصل ہے محل و وقوع کے اعتبار سے بھی یہ شہر اپنا ثانی نہیں رکھتا ہے اور علمی لہذ سے بھی خضدارضلع اپنے دامن میں جامعات اور کالجز کی وسعت رکھتا ہے ۔ اس لیئے اب ہمارے بچوں کو دوسرے شہروں میں جانا نہیں پڑتاہے وہ یہی علم حاصل کررہے ہیں اور تعلیم یافتہ بن رہے ہیں ۔

یہ علمی سہولت بچوں کے لئے بھی ہے اور بچیوں کے لیئے بھی ۔ میں امید رکھتا ہوں کہ تعلیم ودرس و تدریس کا سلسلہ یوں چلتا رہیگا اور ہمارے تعلیمی ادارے شاد و آباد رہیں گے ۔کمشنر قلات ڈویژن نے اپنی جانب سے پرفارمنس دینے والی طلباء و طالبات کی ٹیموں کے لئے دس دس ہزار روپے کا اعلان بھی کیا ۔