سیالکوٹ: بیٹے کے قتل کا بدلہ ماں نے لے کر قسم پُوری کر دی

نعمان نامی شخص کو عدالت نے ثبوت نہ ہونے پر بری کر دیا تھا، جس کا ملزم کی ماں کو رنج تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 دسمبر 2019 14:08

سیالکوٹ: بیٹے کے قتل کا بدلہ ماں نے لے کر قسم پُوری کر دی
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 دسمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، رحمان یوسف) سیالکوٹ میں ایک خاتون نے اپنے بیٹے کے مبینہ قاتل کو خود اپنے ہاتھوں ہلاک کر کے کئی سال پُرانا بدلہ لے لیا۔ یہ واقعہ سیالکوٹ کی حدود میں واقع گاؤں بُٹر میں پیش آیا۔ جس نے تمام اہل علاقہ کو حیرانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ بٹر گاؤں کے رہائشی نعمان عرف کوڈو نے 7 سال قبل 2012ء میں معمولی رنجش پر اپنے ہی گاؤں کی رہائشی خاتون پروین کے بیٹے عظیم کو قتل کیا تھا جس پر سیشن کورٹ سیالکوٹ نے قاتل نعمان عرف کوڈو کو سزائے موت کی سزا سنائی تھی تاہم مجرم نعمان عرف کوڈو نے سیشن کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

ہائی کورٹ نے اس اپیل پر فیصلہ سُناتے ہوئے ملزم نعمان کو 7 سال بعد اکتوبر 2019 ء باعزت بری کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کا مقتول عظیم کی والدہ کو شدید رنج تھا۔ اس نے سب کے سامنے قسم کھائی تھی کہ عدالت نے تو میرے بیٹے کے قاتل کو چھوڑ دیا ہے، مگر اب میں تب تک جوتا نہیں پہنو ں گی جب تک اپنے مقتول بیٹے کے قتل کا بدلہ اُس کے قاتل نعمان سے نہیں لے لیتی۔ اور حقیقت میں پروین نامی خاتون نے اپنی قسم پُوری ہونے سے پہلے پہل پیر میں جُوتی پہننا چھوڑ رکھی تھی۔

پروین نعمان سے ہر وقت بدلہ لینے کی تاک میں رہنے لگی۔ گزشتہ رات نعمان کوڈو اپنی موٹر سائیکل پر ڈیرے جارہا تھا کہ وہاں پہلے سے گھات لگائے ہوئے پروین عرف پینو، اس کے بیٹے تسلیم اور دو نامعلوم افرادنے گولیاں مار کر نعمان عرف کوڈو کو قتل کر دیا، اور یوں پروین نے اپنے بیٹے کے قتل کا بدلہ مبینہ قاتل سے لے لیا۔ پولیس نے اس واردات میں شامل پروین اور اس کے بیٹے تسلیم اور ان کے دو نامعلوم ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے اور ان سے اس واردات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔