Live Updates

ہائر ایجوکیشن نے مائیکروسافٹ پاکستان کے اشتراک سے ’’امیجن کپ 2020ء‘‘ کا اعلان کر دیا

پیر 2 دسمبر 2019 15:44

ہائر ایجوکیشن نے مائیکروسافٹ پاکستان کے اشتراک سے ’’امیجن کپ 2020ء‘‘ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2019ء) ہائر ایجوکیشن(ایچ ای سی) نے مائیکروسافٹ پاکستان کے اشتراک سے ’’امیجن کپ 2020ء‘‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ہائر ایجوکیشن کمیشن میں پیر کو کیا گیا۔امیجن کپ گلوبل ٹیکنالوجی کا سالانہ مقابلہ ہے جس کی میزبانی مائیکروسافٹ کارپوریشن کرتی ہے اوراس کا مقصد دنیا کے مشکل ترین چیلنجوں کے حل کیلئے نوجوان ٹیکنالوجسٹ کو مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فوادحسین ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری، مائیکروسافٹ کنٹری جنرل منیجر عابد زیدی اور مائیکرو سافٹ کنٹری ایجوکیشن لیڈر جبران جمشید بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی کے زیر اہتمام مائیکرو سافٹ امیجن کپ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہئے۔

ہم پاکستان میں نئے ادارے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان کے تحت ایک بڑا پلیٹ فارم بنائیں گے، پاکستان میں سٹارٹ اپ پروگرام کے بغیر کوئی پراجیکٹ کامیاب نہیں ہو سکے گا، کامیاب جوان کا بنیادی مقصد ہی نوجوانوں کو سہولتیں دینا ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوان سرکاری ملازمتیں چاہتے ہیں، ہم اس سوچ کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، ہم یوتھ انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں دو لاکھ خواتین سمیت 6 لاکھ نوجوانوں نے نئے کاروبار کے لئے درخواست دی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نی100 بلین روپے نوجوانوں کے لئے رکھے ہیں، ہم ہنر مند نوجوان پروگرام بھی شروع کرنے جا رہے ہیں، کوشش ہے کہ21 ویں صدی کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو ہنر سکھائے جائیں۔ حکومتی تعاون سے نوجوان ملکی معیشت کو بہتر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لاکھوں نوجوانوں کے لئے انٹرن شپ بھی شروع کر رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا کہ1960ء کی دہائی میں ہم صنعتی انقلاب میں سب سے آگے تھے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ترک صدرطیب اردوان نے کہا تھا کہ جب میں چھوٹا تھا تو پاکستان کو مسلم دنیا میں سب سے آگے جاتا ملک دیکھ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بجٹ میں 600 گنا اضافہ کیا۔ پاکستان کا سائنس اور ٹیکنالوجی میں آغاز شاندار تھا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، ٹیکنالوجی کی بدولت معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی اور مائیکروسافٹ کایہ پروگرام معاشی انقلاب لائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کے چیئرمین طارق بنوری نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ ہمارے طلبہ عالمی پروگرام میں حصہ لیں گے، یہ ہم سب اور پاکستان کیلئے ایک اعزاز ہے۔

اس موقع پر مائیکرو سافٹ کے کنٹری ایجوکیشن لیڈر جبران جمشید نے امیجن کپ2020ء کوطلبہ کیلئے نادر موقع قراردیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کی بدولت طلبہ دنیا کومختلف مسائل کے بہتر حل دے پائیں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے امیجن کپ کاافتتاح کیا۔ واضح رہے کہ امیجن کپ گلوبل ٹیکنالوجی کا سالانہ مقابلہ ہے جس کی میزبانی مائیکروسافٹ کارپوریشن کرتی ہے جس کا مقصد دنیا کے مشکل ترین چیلنجوں کے حل کیلئے نوجوان ٹیکنالوجسٹ کو مواقع فراہم کرنا ہے۔

2003ء سے شروع ہونے والا امیجن کپ نہ صرف ایک مقابلہ ہے بلکہ یہ ایک پلیٹ فارم ہے جس کی بدولت دنیا کو درپیش مختلف مسائل کے حل پیش کئے جاتے ہیں بلکہ یہ جدت پسندوں کیلئے سنہری موقع بھی ہے کہ وہ اپنے خیالات دنیا کے سامنے لائیں اور ایک لاکھ ڈالر انعام بھی جیتیں۔ رواں سال ہائر ایجوکیشن کمیشن وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کوکامیاب بنانے کیلئے مائیکرو سافٹ پاکستان کے تعاون سے اس مقابلے کاانعقاد کر رہا ہے۔

امیجن کپ2020ء جدت، ٹرانسفارمیشن (اطلاعات کی منتقلی) اورکل کیا ہونے والا ہے، سے متعلق ہے یہ پروگرام طلباء کو حقیقی سماجی مسائل کو ٹیکنالوجی کے ذریعہ حل کرنے کا نہ صرف موقع فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دیتا ہے۔ گزشتہ دو سال میں وسطی ایشیاء اور افریقی ممالک میں پاکستان کا پراجیکٹ جمع کرانے والوں میں پہلا نمبر تھا اور پوری دنیا میں پاکستان کی پوزیشن تیسری تھی، امیجن کپ 2020ء میں بہت سے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں حیدر آباد، رحیم یار خان، مظفرآباد، نواب شاہ، راولاکوٹ، سکھر اورکوئٹہ شامل ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات