لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآبا د میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف ، نرسز کی حاضری اور کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل

پیر دسمبر 22:54

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2019ء) لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآبا دکے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف ، نرسز کی حاضری اور کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جو مختلف وارڈوں اور او پی ڈی میں جاکر ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری اور کارکردگی سے متعلق جانچ پڑتال کررہی ہیں۔ اس حوالے سے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبین احمد میمن کی صدارت میں ہسپتال انتظامیہ کا ایک اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، اے ایم ایس پیرامیڈیکل ڈاکٹر نظیر ہسبانی، اے ایم ایس ڈاکٹر محمد شاہد جونیجو ، ڈاکٹر علیم قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبین احمد میمن نے کہاکہ ہسپتال میں سندھ بھر سے علاج کیلئے آنے والے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور اس حوالے سے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ خود وارڈوں اور او پی ڈی میں جاکر ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کی جانچ پڑتال کریں اور ڈیوٹی کے دوران فرائض میں غفلت برتنے والے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے حوالے سے رپورٹ دیں جن کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسنگ اسٹاف کے جو بھی مسائل ہیں یا اُن کی جو بھی شکایات ہیں اس کا بھی بھرپور ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال میں حیدرآباد سمیت سندھ کے 15 اضلاع سے علاج کیلئے آنے والے مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ مہنگائی کے اس دور میں دور دراز سے آنے والے غریب مریضوں کو اگر مکمل طبی امداد اور ادویات نہ دی گئی تو اس کے ذمہ دار ہم خود ہوں گے۔