نواز شریف کو دل کا دورہ پڑنے کا انکشاف

لندن کے گائز اسپتال میں دل کےسرجن اور گردوں کے امراض کے ماہر سابق وزیراعظم کا معائنہ کریں گے

muhammad ali محمد علی پیر 2 دسمبر 2019 19:53

نواز شریف کو دل کا دورہ پڑنے کا انکشاف
لندن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین02دسمبر2019ء) نواز شریف کو دل کا دورہ پڑنے کا انکشاف، لندن کے گائز اسپتال میں دل کےسرجن اور گردوں کے امراض کے ماہر سابق وزیراعظم کا معائنہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو دل کا دورہ پڑنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بتایا ہے کہ نواز شریف جب لاہور میں تھے تو انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔

ڈاکٹر عدنان کا بتانا ہے کہ آج لندن کے گائز اسپتال میں دل کےسرجن اور گردوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر نواز شریف کا معائنہ کریں گے۔2 روز قبل نواز شریف کا لندن برج کے قریب اسپتال میں طبی معائنہ ہونا تھا تاہم وہاں حملے کے باعث ان کا معائنہ نہیں ہو سکا تھا۔

(جاری ہے)

28 نومبر کو نواز شریف کا پوزیٹرون ایمیشن ٹوموگرافی (پی ای ٹی) اسکین کیا گیا تھا جس کی رپورٹ بھی آج آنے کا امکان ہے۔

ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر لندن میں دل کے سرجن کی جانب سے نواز شریف کا آپریشن کیا جا سکتا ہے۔ نواز شریف کے دماغ کو جانے والی وہ شریان جو بند ہے اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ دوسری جانب حسین نواز کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ نوازشریف کا علاج ایک چھت تلے ہو لیکن ان کی طبیعت میں بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ حسین نواز کا مزید کہنا ہے کہ والد کو متعدد بار مشورہ دیا ہے کہ امریکا سے علاج کروا لیں لیکن وہ فی الحال راضی نہیں ہو رہے۔