اردن میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں 7 بچوں، 4 خواتین سمیت 13 پاکستانی افراد جاں بحق ہوئے ہیں، آتشزدگی کا واقعہ علیٰ الصبح دو بجے پیش آیا‘ آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے‘ ترجمان دفتر خارجہ

پیر 2 دسمبر 2019 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2019ء) دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اردن میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں 7 بچوں، 4 خواتین سمیت 13 پاکستانی افراد جاں بحق ہوئے ہیں، آتشزدگی کا واقعہ علیٰ الصبح دو بجے پیش آیا‘ آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اردن میں آتشزدگی کے واقعہ میں تین پاکستانی زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے، اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے، زخمی افراد عمان سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقہ میں رہائش پذیر تھے۔

مقامی فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا۔ زخمیوں کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے جوئیہ خاندان سے ہے۔ جوئیہ خاندان کے سربراہ علی شیر جوئیہ واقعہ میں بچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ یہ خاندان 1970ء میں اردن منتقل ہوا تھا اور وہاں پر زراعت کے شعبے سے منسلک تھا۔ عمان میں پاکستانی سفارتخانہ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔

عمان میں پاکستانی سفارتخانہ اور حکام کسی بھی ہنگامی تعاون کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اردن کے حکام پاکستانی مشن کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ وزارت خارجہ نے عمان میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایات دیں ہیں کہ ان بہادر خاندانوں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں۔ دفتر خارجہ نے آگاہ کیا کہ آتشزدگی کے واقعہ کے حوالے سے معلومات کے حصول اور کسی بھی قسم کے تعاون کے لئے عمان میں پاکستانی سفارتخانے کے دو اہلکاروں کو رابطہ کار مقرر کیا گیا ہے جن میں حسنین حیدر (سیکنڈ سیکرٹری)، موبائل نمبر 00962-796912676 اور ماجد امین ، موبائل نمبر 00962-796417462 شامل ہیں۔