دسمبر میں شدید سردی کی لہر آنے کا امکان

دسمبر کے تیسرے اور چوتھے ہفتے میں شدید سردی پڑے گی۔ محکمہ موسمیات

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 3 دسمبر 2019 10:34

دسمبر میں شدید سردی کی لہر آنے کا امکان
اسلا م آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار،03دسمبر2019ء) : دسمبر میں شدید سردی کی لہر آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے دسمبر کے تیسرے اور چوتھے ہفتے میں سردی کی شدید لہر آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات نے ماہ دسمبر میں موسم کا آؤٹ لُک جاری کر دیا ہے۔جس کے مطابق ملک کے مغربی اور شمالی حصوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جب کہ جنوبی حصوں میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دسمبر می مغربی ، وسطی اور شمالی حصوں میں درمیانی بارش ہوں گی تاہم دوسرا اور چوتھا ہفتہ زیادہ نم آلود رہے گا۔شمالی علاقہ جات کے موسم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شمالی بلوچستان،کشمیر اور دیر شمالی علاقہ جات میں برفباری کا امکان ہے جس سے درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا۔

(جاری ہے)

جنوبی حصوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

جب کہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں ہلکی اور شدید دھند پڑنے کا امکان بھی ہے تاہم بارشوں سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند کی شدت کم ہو جائے گی۔جب کہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں ماہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں بارشوں کی پیشگوئی کرنے کے بعد اب دوسرے ہفتے میں بارشوں کی پیش گوئی اور سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کردی ہے۔

جبکہ شہر میں سموگ کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہلکی بارش اور دھوپ کے باوجود لاہور سے سموگ کی شرح گڑھی شاہو کے علاقہ میں ریکارڈ کی گئی۔ ہاں ائر کوالٹی انڈیکس کی شرح 451 رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دنیا میں فضائی آلودگی کے حوالے سے کابل پہلے، نئی دہلی دوسرے اور لاہور تیسرے نمبر پر ہے۔