اردن میں آگ سے 13پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے وزارتِ خارجہ سے رابطہ کرلیا

چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے سیکریٹری خارجہ سے افسوسناک واقعے کی تفصیلات لی

منگل 3 دسمبر 2019 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2019ء) اردن میں آگ سے 13 پاکستانیوں کے جانبحق ہونے کا سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے سیکریٹری فارن افیئرز سہیل محمود سے ٹیلیفون پر رابطہ کر اردن میں پیش آنے والے سانحے کی تفصیلات معلوم کیں۔

سیکریٹری فارن افیئرز نے بتایا کے 2 دسمبر کو رات کے وقت پاکستان کے صوبے سندھ کے ضلع دادو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 13 لوگ جاں بحق اور 3 زخمی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کے عمان میں پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہیں ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے سیکریٹری فارن افیئرز سے کہا کے اردن میں متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے اور سندھ حکومت کے ساتھ تمام تفصیلات بھی شیئر کی جائے۔

چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دادو میں متاثرین کے لواحقین سے ملاقات کر کے صوبائی حکومت کے جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلائیں۔