وہاڑی: امام مسجد کی انوکھی واردات، بیوی کو قتل کر کے خود کو رسیوں سے باندھ دیا

ملزم نے واردات کے بعد خود کو باندھ کر شور مچا دیا کہ چند لوگ اُسے باندھ کر اُس کی بیوی کو قتل کر گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 دسمبر 2019 17:07

وہاڑی: امام مسجد کی انوکھی واردات، بیوی کو قتل کر کے خود کو رسیوں سے ..
وہاڑی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4دسمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، منور حُسین رجانہ) وہاڑی کے تھانہ ٹھینگی کی حدود گاوٴں85ڈبلیومیں گھریلوناچاقی پرامام مسجدنے اپنی بیوی کوقتل کردیا۔ملزم مولوی شفیق نے22 سالہ بیوی نازیہ بی بی کو تیز دھار آلے سے ذبح کیا۔تفصیلات کے مطابق مقتولہ نازیہ بی بی کی دوسال قبل امام مسجد شفیق سے شادی ہوئی تھی۔ مقتولہ نازیہ بی بی ایک بچے کی ماں تھی۔

پولیس نے خاتون کے شوہرامام مسجدکوگرفتارکرلیاہے۔ امام مسجدمولوی شفیق نے اعتراف جرم بھی کرلیاہے جبکہ پولیس نے گھرمیں پڑی ہوئی لکڑیوں میں سے آلہ قتل برآمدکرلیاہے۔ خاندانی ذرائع کاکہناہے کہ خاوندبیوی کے درمیان اکثرتنازعہ رہتاتھاجس کی وجہ سے لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ گزشتہ رات بھی دونوں کے درمیان جھگڑاہواتھاملزم نے بیوی کوقتل کرنے کے بعدخودکوباندھ کرشورومچا دیا کہ پانچ لوگوں نے گھرمیں گھس کرمجھے باندھ دیااورمیری بیوی کوقتل کرکے فرار ہو گئے ہیں، تاہم پولیس نے چندلمحوں میں ملزم سے اقرارجرم کرا لیا۔

(جاری ہے)

خاندانی ذرائع کاکہناہے کہ بیوی کاقاتل ملزم شفیق اپنے بھائی کیلئے اپنی سالی کے رشتہ کاخواہشمندتھا۔بیوی نازیہ ملزم کے اپنے ساتھ مبینہ نارواسلوک اورمارپیٹ کی وجہ سے دیورکوبہن کارشتہ دینے سے انکاری تھی۔ مولوی شفیق کی ساس بھی اپنی بیٹی کارشتہ ملزم کے بھائی کودینے کے خلاف تھی۔ آئے روزکے جھگڑوں اورمارپیٹ سے تنگ آکرنازیہ روٹھ کرمیکے رہ رہی تھی۔

ملزم گزشتہ روزہی بیوی کومناکراپنے پاس 85ڈبلیوبی لایاتھامگر گزشتہ روزنمازفجرسے پہلے بیوی کوقتل کردیا۔ملزم اورمقتولہ83ڈبلیوبی کے رہائشی تھے جبکہ ملزم85ڈبلیوبی میں امام مسجدتعینات تھا۔پولیس تھانہ ٹھینگی نے خاتون کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔پوسٹ مارٹم کے بعدنعش ورثاکے حوالے کردی گئی جبکہ پولیس تھانہ ٹھینگی نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :