ماضی کی طرح باتیں نہیں ،عملی اقدام کرتے ہیں،میں خودوکیل ہوں اوروکلاء کے مسائل بخوبی جانتا ہوں‘عثمان بزدار

پنجاب کی بار ایسوسی ایشنزکے مسائل حل کیے جائینگے،وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائینگے شوگرملوں کی جانب سے گنے کی کرشنگ بند کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس، ملوں کو فی الفورکرشنگ شروع کرنے کا پابندکرنے کی ہدایت

بدھ 4 دسمبر 2019 17:50

ماضی کی طرح باتیں نہیں ،عملی اقدام کرتے ہیں،میں خودوکیل ہوں اوروکلاء ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید تنویر سہیل شاہ کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی ۔راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ کو مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں خودوکیل ہوں اوروکلاء کے مسائل بخوبی جانتا ہوں۔

پنجاب کی بار ایسوسی ایشنزکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیںگے۔ماضی کی طرح باتیں نہیں ،عملی اقدام کرتے ہیں ۔ وکلاء برادری کے مسائل بھی حل کریںگے اوران کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات بھی ۔

(جاری ہے)

وکلاء برادری کی مثبت تجاویزکا خیر مقدم کریںگے ۔آپ کی قابل عمل تجاویز پر فوری عمل ہوگا۔

عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور مظلوم کو انصاف دلانے کیلئے سرگرم وکلاء کی پیشہ ورانہ کاوشیں قابل تحسین ہیں۔وکلاء برادری نے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور آزاد عدلیہ کی بحالی کیلئے وکلاء برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وفد نے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا ۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر شکیل احمد، سیکرٹری شہزاد میر،ممبر پنجاب بار کونسل قوسین فیصل مفتی اوردیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے شوگرملوں کی جانب سے گنے کی کرشنگ بند کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری خوراک اورکین کمشنرسے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ شوگر ملوں کو فی الفورکرشنگ شروع کرنے کا پابندبنایاجائے کیونکہ سیزن کے آغاز پرملوں کی جانب سے گنے کی کرشنگ بند کرنے کا کوئی جواز نہیں ۔انہوںنے کہا کہ حکومت گنے کے کاشتکاروںکے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی اور کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے دیں گے -انہوںنے کہا کہ گنے کے وزن میںکٹوتی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی-کسان میرے بھائی ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ میری ذمہ داری ہے - وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے انٹرنیشنل والنٹیئرزڈے کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے لوگ معاشرے کیلئے مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔

رضاکار بغیر مالی منافع کی توقع کے سچے جذبے کیساتھ کام کرتے ہیںاور والنٹیئرز ثقافت ، زبان اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہو کر انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں۔دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنا انسانیت کی اعلیٰ اقدار اور دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔انہوںنے کہا کہ مشکلات میں گھرے افراد کی مدد کیلئے رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے افراد اور تنظیمیںمبارکباد کی مستحق ہیںکیونکہ مشکلات میں گھرے افراد کی مددکرنا انسانیت کی اعلیٰ اقدار ہے۔

کسی لالچ اور مفاد کے بغیر رضاکارانہ خدمات کا فریضہ سرانجام دینے والے دین اور دنیا دونوں کما تے ہیں۔انہوںنے کہا کہ انسانیت کا تقاضا ہے کہ کسی لالچ اور مفاد کے بغیر بنی نوع انسان کی بھلائی کا فریضہ سرانجام دیا جائے۔عوامی بھلائی کے کاموں میں مصروف ایدھی، اخوت، کشف اور دیگر فلاحی تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔آج ہمیں انسانی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنیوالے امدادی کارکنان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سیالکوٹ کے علاقے میں وکیل سجاد حسین کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آرپی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقتول وکیل کے غمزدہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ نے مقتول وکیل کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا ہے ۔