Live Updates

پیپلزپارٹی شہدا کی جماعت ہے ،کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریں گے ،بلاول بھٹو زرداری

سلیکٹڈ حکمران سیاسی انتقام میں اندھے ہوچکے ،نیب کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی کی حاجی علی مدد جتک سے گفتگو

بدھ 4 دسمبر 2019 21:22

پیپلزپارٹی شہدا کی جماعت ہے ،کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریں ..
اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی شہدا کی جماعت ہے ہم کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی کسی بھی صورت حمایت نہیں کریں گے سلیکٹڈ حکمران سیاسی انتقام میں اندھے ہوچکے ہیں نیب کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے،پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں فعال اور منظم کیا جائے اور پارٹی عہدیداران کارکنوں سے قریبی رابطہ رکھیں۔

یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک اور جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ حاجی علی مدد جتک اور سیداقبال شاہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بلوچستا ن میں پارٹی کوفعال بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ2018ء کے انتخابات میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دھاندلی کے ذریعے نا اہل افراد کو عوام پر مسلط کیا گیاہے جنہوں نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدارمیںآنے سے قبل عوام کوایک کروڑ نوکریاں 50لاکھ مکانات دینے کے وعدے کئے تھے اقتدار میں آنے کے بعد لاکھوں لوگوں کوبے روزگار کردیا گیا آج ہر مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت سینکڑوں جیالوںاور قائدین نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں لیکن کبھی بھی اصولوں پرسودے بازی نہیں کی۔

انہوں نے کہاکہ آج پیپلز پارٹی کے قائدین کو 18ویں ترمیم کی حمایت کرنے پر بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر قائدین کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں پابند سلاسل کیا گیا ہے اورانہیں جیلوں میں علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی 27دسمبر کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی پیپلز پارٹی اور اسکی ذیلی تنظیمیں برسی کے حوالے سے ہونے والی مرکزی تقریب میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے حاجی علی مدد جتک اور سید اقبال شاہ کو ہدایت کہ پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں فعال اور منظم بنانے کیلئے کارکنوں سے قریبی رابطے رکھے جائیں اور عوام کو موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے آگاہ کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات