سِیوکس مانیٹر نے بھارت کی شہری آزادیوں سے متعلق درجہ بندی میں تنزلی کر دی

مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل لاک ڈائون پر اظہار تشویش

جمعرات 5 دسمبر 2019 14:47

سِیوکس مانیٹر نے بھارت کی شہری آزادیوں سے متعلق درجہ بندی میں تنزلی ..
بنکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) سول سوسائٹی کی تنظیموں کے بین الاقوامی اتحاد ، سِیوکس مانیٹر نے شہری آزادیوںسے متعلق درجہ بندی میںبھارت کی پوزیشن میں تنزلی کر دی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سِیوکس مانیٹر نے ’’عوام کی طاقت پر حملہ ‘‘کے عنوان سے اپنی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے علمبرداروںکے خلاف کریک ڈائون، صحافیوںاور سول سوسائٹی کے گروپوں پر حملوں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

درجہ بندی میں تنزلی سے ظاہرہوتا ہے کہ اظہار رائے اور پر امن احتجاج سمیت جمہوری آزادیوں میں نمایاں طورپر کمی آئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے رواں سال اگست میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں ذرائع مواصلات پر مکمل قدغن عائد کر دی تھی جس کے خلاف ہونے والے مظاہروں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا اورمقبوضہ علاقے کے معروف رہنماؤں کو گھروں میںنظربند کردیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں شہری آزادیوںپر قدغن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور شہری آزادیوں کی طویل عرصے سے پامالی کا سلسلہ جاری ہے ۔ان خلاف ورزیوںمیں ملوث اہلکاروںکے خلاف کارروائی کے بجائے بھارتی حکومت جبری گرفتاریوں اور معلومات تک رسائی پرپابندی مزید سخت کردی ہے۔ سِیوکس مانیٹر کے محقق جوزف بینیڈکٹ نے کہاکہ بھارت میں شہری آزادیوںپر قدغن خصوصا اظہار رائے کی آزادی پر حملہ تشویشناک ہے ۔