Live Updates

پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ موخر

ممکن نہیں کہ دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں کو چھوڑ کر عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنائیں ، جج راجہ جواد عباس

جمعرات 5 دسمبر 2019 16:53

پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ موخر کر دیا گیا ۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے سماعت کی۔ جج راجہ جواد عباس نے کہاکہ کئی ملزمان ہیں جنہوں نے عمران خان سے پہلے بریت کی درخواستیں دیں۔

جج نے کہاکہ ممکن نہیں کہ دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں کو چھوڑ کر عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنائیں۔جج نے کہاکہ اعجاز چودھری، اسد عمر، جہانگیر ترین سمیت متعدد ملزمان نے بریت کی درخواستیں واپس لیں،کئی ملزمان کی عدم حاضری پر تو ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے۔ جج نے کہاکہ یہ سینکڑوں کارکنوں سے متعلق کیس ہے، زیادہ کارکنان کی پیروی فیصل چودھری کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بابر اعوان نے کہاکہ جو ملزمان عدالت آ رہے ہیں ان کی درخواستوں پر بحث سن لیں۔وقفہ کے بعد سماعت دوبارشروع ہوئی عدالت نے وزیر اعظم عمران کی بریت کی درخواست پر فیصلہ 12 دسمبر تک موخر کر دیا۔ عدالت نے کیس میں شریک تمام ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر 12 دسمبر کو دلائل طلب کر لئے ۔ عدالت نے کہاکہ عدالت دلائل سن کر بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنائے گی۔ جج راجہ جواد عباس نے کہاکہ عدالت پسند اور نا پسند کی بنیاد پر کسی درخواست کو نہیں سنے گی۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات