Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں کسی نے کرپشن نہیں کی اور نہ دبئی میں فلیٹ بنائے،

نوجوانوں کو انٹرن شپ دیں گے تاکہ پڑھائی کے ساتھ عملی کام بھی سیکھ سکیں، احساس پروگرام اور اسٹیٹ بنک کے ساتھ مل کر بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کریں گے، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی وومن یونیورسٹی ملتان میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 دسمبر 2019 17:11

وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں کسی نے کرپشن نہیں کی اور نہ دبئی میں ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں کسی ایم این اے، ایم پی اے نے کرپشن نہیں کی، ہماری کوئی 7 7 ارب کی چوری نہیں ہے اور نہ ہم نے دبئی میں فلیٹ بنائے ہیں، یہ حکومت کلین حکومت ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے وومن یونیورسٹی ملتان میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اس یونیورسٹی میں آئی ہوں جہاں جنوبی پنجاب میں پڑھنے والی بچیاں پردے میں رہتی ہیں، تمام بچوں کا مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے، ہم نے جو الیکشن جیتا اس میں خواتین اور نوجوانوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ان ممالک میں سے ہے جہاں بے روزگاری ہے اورکچھ فیصد نوجوانوں کو نوکریاں ملتی ہیں، زیادہ تر نوجوان بے روزگار ہیں، ملک پر 31 ہزار ارب کا قرضہ چڑھ چکا ہے، ان مشکل حالات کے باوجود عمران خان نوجوانوں کے مستقبل کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کامیاب جوان پروگرام 100 ارب کا پراجیکٹ ہے ، ہم نوجوانوں کو انٹرن شپ دیں گے تاکہ پڑھائی کے ساتھ عملی کام بھی سیکھ سکیں، نوجوان چھوٹا بزنس شروع کرنا چاہتے ہیں تو ان کی مدد بھی کی جائیگی، ہمیں اساتذہ کی عزت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ایسے پروگرام بنائیں جن سے نوجوان نہ صرف پڑھیں بلکہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں، میں چاہتی ہوں کہ ہماری بچیاں بھی اپنے کاروبار شروع کریں۔

بچیوں کا باہر جا کر کام کرنا آسان نہیں ہے، 9 یونیورسٹیز میں سے وویمن یونیورسٹی کو اس پروگرام کے لیے چنا گیا ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوںجنہوں نے اس پروگرام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سموگ ایک دن میں ختم نہیں ہوتی، لاہور میں ہماری 12 ٹیمز ہیں جو بھٹوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔چھانگا مانگا کے جنگلات کو کاٹ دیا گیا جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوا۔احساس پروگرام اور اسٹیٹ بنک کے ساتھ مل کر بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کریں گے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر ہم دھواں چھوڑتی گاڑیوں پر پابندی بھی لگا دیں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، ہم بھٹا مالکان کو قرضہ دے کر ان کی مدد کریں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات