پی ٹی آئی کو ڈرنے یا سہمےسہمے رہنےکی ضرورت نہیں، چودھری پرویز الٰہی

حکومت مضبوط ہاتھوں میں ہے، اپوزیشن جو مرضی کرلے حکومت 5 سال پورے کرے گی۔ گجرات میں جلسے سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 دسمبر 2019 16:54

پی ٹی آئی کو ڈرنے یا سہمےسہمے رہنےکی ضرورت نہیں، چودھری پرویز الٰہی
گجرات (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر 2019ء) مسلم لیگ ق کے سینئر مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ڈرنے یا سہمے سہمے رہنے کی ضرورت نہیں، حکومت مضبوط ہاتھوں میں ہے، اپوزیشن جو مرضی کرلے، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔ انہوں نے گجرات میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو ڈرنے یا سہمے سہمے رہنے کی ضرورت نہیں، حکومت مضبوط ہاتھوں میں ہے، اپوزیشن جو چاہے کرلے، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اتحادی جماعت ہے، ہم نے حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر ساتھ دیا۔ پی ٹی آئی کے ساتھ پوری طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی حکومت کیلئے ہر بحران میں راپ نکالی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف نے پنجاب کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے میرے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگائیں۔ ہسپتالوں میں ایک بیڈ پرتین تین مریض لیٹے ہوئے ہیں۔

پنجاب بھر میں صحت اور تعلیم کے میدان میں جدت لائیں گے۔ وزیرآباد کارڈیالوجی کیلئے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ مزید برآں وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ق کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی، حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے وفد کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، مسلم لیگ ق کے وفد نے ملاقات میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ق کے وفد نے ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے کا شکوہ کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے وزراء اور ارکان کے علاقوں میں ترقیاتی کام نہیں ہورہے۔ ق لیگ نے مطالبہ کیا کہ وزارتوں میں مداخلت بند کروائی جائے۔ اس موقع پر حکومتی وفد نے ق لیگ کے تمام وعدے پورے کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ ملاقات میں حکومتی وفد میں جہانگیر ترین، پرویز خٹک، شہزاد ارباب جبکہ، ق لیگی وفد میں چودھری مونس الٰہی ، چودھری سالک حسین، طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کو وفاق اور پنجاب میں ایک اور وزارت ملنے کا امکان ہے۔