سانگلہ ہِل میں پولیس مقابلہ، درجنوں مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم وسیم کوجھا ہلاک

ملزم کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 دسمبر 2019 17:07

سانگلہ ہِل میں پولیس مقابلہ، درجنوں مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم ..
ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5دسمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، عبدالقدوس ملک) ڈی پی او ننکانہ اسماعیل الرحمان کھاڑک کی ہدایت پر ضلعی پولیس کی طرف سے اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاون تیزی سے جاری ہے۔ پولیس تھانہ صدر سانگلہ ہل کی بڑی کارروائی کے نتیجے میں بین الاضلاعی اشتہاری ملزم وسیم کوجھا پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔ ایس ایچ او صدر سانگلہ افتخار احمد نے ہمراہی ٹیم کے ساتھ ملزم کا سراغ لگا کر گرفتاری کے لیے ریڈ کیا تو ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں 02 جوان شدید زخمی ہوئے۔

پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجہ میں بین الاضلاعی اشتہاری ملزم جاں بحق ہو گیا۔ ملزم اشتہاری کے خلاف ضلع ننکانہ سمیت شیخوپورہ اور حافظ آباد میں چوری، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور ارادہ قتل کے 21 مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم تھانہ صدر سانگلہ ہل پولیس کو چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ زخمی ہونے والے جوانوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔

ڈی پی او کی طرف سے ایس ایچ او صدر سانگلہ اور ہمراہی ٹیم کو نقد انعام اور سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ڈی پی او نے کہا ہے کہ زخمی ہونیوالے جوانوں کو فوری طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہر ممکنہ تعاون کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔ زخمی ہونے والے جوان محکمہ پولیس کی طرف سے معاشرے کے لیے ایک مثال ہیں اور قابل فخر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاری ملزمان معاشرے کے لیے ناسور ہیں، انکا قلعہ قمع کرنا پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔ عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی پولیس ہر ممکنہ قربانی کے لیے تیار ہے۔ اشتہاری ملزمان کے خاتمے تک کریک ڈاون جاری رہے گا۔