سعودی عرب پاکستان کا مخلص دوست ،دوستی پر فخر ہے،کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں،اسد قیصر

مسئلہ پر مسلم ممالک کے پارلیمانوں کی فوری کانفرنس بلائی جائے، ناروے واقعہ افسوسناک اور انتہائی شرمناک ہے ،پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے،واقعات کی روک تھام کیلئے او آئی سی کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،سپیکر قومی اسمبلی کی چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو

جمعرات 5 دسمبر 2019 17:17

سعودی عرب پاکستان کا مخلص دوست ،دوستی پر فخر ہے،کشمیری عوام بھارتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا مخلص دوست ،دوستی پر فخر ہے،کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں،مسئلہ پر مسلم ممالک کے پارلیمانوں کی فوری کانفرنس بلائی جائے، ناروے واقعہ افسوسناک اور انتہائی شرمناک ہے ،پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے،واقعات کی روک تھام کیلئے او آئی سی کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ کی سربراہی میں سعودی پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، امت مسلمہ کودرپیش چیلنجز سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب مذہب ، اخوت ، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے خوشگوار برادرنہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کیساتھ گہری دلی وابستگی رکھتے ہیں،سعودی عرب نے مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا مخلص دوست ملک ہے اور پاکستان کو سعودی عرب کیساتھ اپنی دوستی فخر ہے۔

سپیکر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام بدترین ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں،گزشتہ 122دن سے کرفیو کے نفاذکی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے گھروں میں مقید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپرمسلم ممالک کے پارلیمانوں کی فوری کانفرنس بلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں بی جے پی کی فاشسٹ حکومت نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے بھارت میں مسلمانوں پر زندگی کاگھیرا تنگ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمہ امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اور اسلام و فوبیہ کے خاتمے کے لیے مسلم ممالک کے مابین اتحاد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک اور انتہائی شرمناک ہے ،اس واقعے سے پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئیOIC کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں مسلسل رابطے دونوں برادر ممالک میں تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی پارلیمانی وفد کے حالیہ دورہ سے دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو اپنا مخلص دوست اور بھائی تصور کرتا ہے۔ چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستی کا رشتہ ہر گزرتے دن کیساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق فوری حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کشمیر سمیت تمام تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے جلد سے جلد حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر اسلامی ممالک کی پارلیمانی نمائندوں کی کانفرنس بلانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں، چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے کہاکہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوروکاجائے، مسلم ممالک میں ہم آہنگی کے فروغ اور امہ کودرپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستان کاکردارقابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔سعودی پارلیمانی وفدنے کہا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے دونوں ایوانوں کی تجارت کی کمیٹیوں میں مسلسل رابطوں کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر چیئر مین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے مہمانوں کیلئے رکھی گئی کباب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سعودی شوری کا وفد بھی موجود تھا۔