ڈیجیٹل پاکستان وژن ہر پاکستانی کو انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنے اور وسیع تر قانونی فریم ورک کے ذریعے پاکستان کو حقیقی ڈیجیٹل ملک بنانے کے راستے پر گامزن کرے گا، وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان

جمعرات 5 دسمبر 2019 18:47

ڈیجیٹل پاکستان وژن ہر پاکستانی کو انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنے اور وسیع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) ڈیجیٹل پاکستان وژن ہر پاکستانی کو انٹرنیٹ تک بنیادی حق کے طور پر رسائی فراہم کرنے اور وسیع تر قانونی فریم ورک کے ذریعے پاکستان کو حقیقی ڈیجیٹل ملک بنانے کے راستے پر گامزن کرے گا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈیجیٹل پاکستان وژن سرکاری اور نجی شعبے کیلئے تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہے۔

وژن کے تحت مختلف ایسے اقدامات کو ہم آہنگ کیا گیا ہے جو حکومت پہلے ہی شروع کر چکی ہے اور ایسے اضافی اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے جو حکومت آئندہ مہینوں میں شروع کرے گی۔ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے پانچ سٹرٹیجک نکات ہیں جن میں پہلا رسائی و رابطے کا شعبہ ہے جو ہر پاکستانی کو بنیادی حق کے طور پر انٹرنیٹ تک رسائی یقینی بناتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسرا نکات ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ہے جو سمارٹ فون کے استعمال کے ذریعے روزمرہ کے زیادہ تر امور کی انجام دہی کی صلاحیت پیدا کرتا ہے اور تیز رفتار ای گورنمنٹ بین الحکومتی اقدامات کو ڈیجیٹل کرنے اور کاغذ کے استعمال کے خاتمے کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ سازگار ماحول پیدا کرتا ہے اور بہتر خدمت کیلئے شہریوں اور کاروباری شعبے کیلئے حکومتی خدمات کو ڈیجیٹلائز کرتا ہے۔

ڈیجیٹل مہارت و لٹریسی ہمارے ٹیکنالوجی کے حامل گریجویٹس کو متعلقہ ملازمت کے حصول میں مدد فراہم کرتا ہے۔ آج کے دور میں ہمارے ٹیکنیکل گریجویٹس کی اکثریت بین الاقوامی سطح پر اس لئے مسابقت نہیں کر سکتی کیونکہ ہمارا نصاب پرانا ہے اور انہیں ان مہارتوں سے مستفید ہونے کا موقع فراہم نہیں کرتا۔ جدیدیت اور انٹرپرینیئور شپ سٹارٹ اپس کو پھلنے پھولنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔ ڈیجیٹل وژن کے ان تمام نکات پر ایک دور رس پالیسی کے ذریعے عمل کیا جائے گا اور ایک وسیع تر قانونی فریم ورک پاکستان کو ایک حقیقی ڈیجیٹل ملک بنانے کے راستے پر گامزن کرے گا۔