خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ،معاشرے کی ترقی خواتین کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں،وزیر اعظم آزاد کشمیر

تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کردار قابل رشک ہے ،کشمیر ی خواتین بزدل نہیں وہ مردوں کے شانہ بشانہ قابض بھارتی فوج کے سامنے برسر پیکار ہیں ،راجہ محمدفاروق حیدرخان

جمعرات 5 دسمبر 2019 18:59

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی خواتین کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں۔تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کردار قابل رشک ہے،کشمیری خواتین بزدل نہیں وہ مردوں کے شانہ بشانہ قابض بھارتی فوج کے سامنے برسر پیکار ہیں ۔ آزادکشمیر کی خواتین کو بھی تحریک آزادی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔

خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کیلئے حکومت ہنر مندی کے کورسز کروائے جارہے ہیں ۔ آزادکشمیر میں خواتین کو برابری کی بنیاد پر حقوق حاصل ہیں ؂اور تمام شعبہ زندگی میں خواتین اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کی خواتین ریاستی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن خواتین ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں حسنہ نور ،نثارہ عباسی، ساجدہ گیلانی ،غزالہ اشرف، عظمی شیریں ودیگرشامل تھیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔قابض بھارتی افواج کے سامنے علم آزادی بلند کرنے والی خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ مقبوضہ کشمیر کی خواتین نہتے ہاتھوں جدید اسلحہ سے لیس قابض بھارتی افواج کا مردوں کے شانہ بشانہ مقابلہ کررہ ہیں ۔

تحریک آزادی کو زندہ رکھنے میں خواتین کا بھی انتہائی اہم کردار ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ خواتین کو ہنر مندی کی دے رہے ہیں ۔ ٹیوٹا اور ویمن ڈویلپمنٹ کے زیرا ہتمام خواتین کو کورسز کروائے جارہے ہیں تاکہ وہ معاشی طورپر خود کفیل ہوں اور ریاستی ترقی میں بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔آزادکشمیر کی خواتین اپنے مقبوضہ کشمیر کی بہنوں کے لیے آواز بلند کریں ۔

یہ ہم سب کا فرض ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی خواتین نے جماعت کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا اور جماعت کے ساتھ کھڑی رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی توجہ دی ہے۔خواتین کے حقوق کے تحفظ اورانہیں بااختیار بنانے کیلئے موثراقدامات کیے گئے ہیں۔موجودہ حکومت نے خواتین کی شرح خواندگی بڑھانے میں خاص دلچسپی لی ہے۔آزادکشمیر میں خواتین کی تعلیم و تربیت بڑھانے کی طرف بھر پور توجہ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔