پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، امریکی کوچز

امریکی کوچز کے وفد کا دیا اکیڈمی کا دورہ، سعدیہ شیخ کی بریفنگ - ورکشاپ کا اہتمام

جمعرات 5 دسمبر 2019 19:04

پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، امریکی کوچز
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) امریکن کوچز کے وفد نے دیا اکیڈمی کا دورہ کیا اور بانی و صدر سعدیہ شیخ اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ورکشاپ بھی منعقد کی گئی جس میں 8، 12 اور 16 سال کی عمر کے گرلز اور بوائز کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ کوچز نے پلیئرز کو فٹبال گیم سے متعلق جدید و اہم تکنیک سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سعدیہ شیخ نے کوچز کو آگاہ کیا کہ دیا اکیڈمی عرصہ دراز سے فٹبال کے فروغ کے لیے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں کام کررہی ہے جس میں پسماندہ اضلاع تھر و دیگر علاقوں کو خاص فوکس کیا گیا ہے۔

ہم نیشنل اور انٹرنیشنل ایونٹ میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ حال ہی میں گوتھیا کپ چائنا میں بھی نمائندگی کی ہے۔ پلیئرز کو کوالیفائڈ کوچز کے ذریعے تربیت فراہم کرتے ہیں۔ اس موقع پر امریکن کوچز نے دیا اکیڈمی کی فٹبال کیلئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، پلیئرز کو جدید تکنیک سے آگاہی انتہائی ضروری ہے۔