Live Updates

شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسا کمایا ،عمران خان

شہبازشریف ڈیلی میل کی خبر کا جواب نہیں دے سکے، شریف فیملی نے کرپشن کا نیٹ ورک چلایا، شہزاد اکبر نے حقائق قوم کے سامنے رکھے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی اورپارٹی ترجمانوں کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 دسمبر 2019 17:53

شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسا کمایا ،عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 دسمبر 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسا کمایا ،شہبازشریف ڈیل میل کی خبر کا جواب نہیں دے سکے، شریف فیملی نے کرپشن کا نیٹ ورک چلایا، شہزاد اکبر نے حقائق قوم کے سامنے رکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی اورپارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی ، معاشی اوراحتساب کے عمل سے متعلق مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ترجمان شہزاد اکبر کے سوالات کا ن لیگ سے جواب پوچھیں۔ شہزاد اکبر نے حقائق قوم کے سامنے رکھے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسا کمایا ۔

(جاری ہے)

شہبازشریف ڈیل میل کی خبر کا جواب نہیں دے سکے۔ شہبازشریف کے داماد اور بیٹے بھگوڑے ہیں۔ شریف فیملی نے کرپشن کا نیٹ ورک چلایا۔

مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب گورننس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کوعمران خان کو حالیہ انتظامیہ تبدیلیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے عثمان بزدار کو پنجاب میں گڈگورننس مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ عوام کو بھرپور انداز میں ریلیف فراہم کیا جائے۔

ریاست ایک احساس کا نام ہے۔ معاشرے کے کمزورطبقات کو اوپر اٹھانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گورننس میں بہتری کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں۔ پنجاب کو بہترین ٹیم دی، اب کارکردگی دکھانا ہوگی۔ پنجاب میں حالیہ تبدیلیوں کا مقصد بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ ، گورننس میں واضح بہتری نظرآنی چاہیے۔عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کو مسائل کے حل کیلئے خوار نہ ہونے دیں۔

اسی طرح وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت تعمیرات کے شعبہ کے فروغ، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ملک بھر میں گھروں کی تعمیر خصوصاً کم آمدنی والے افراد کو اپنی ذاتی چھت کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی منصوبے میں اب تک کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، چیئرمین ایف بی آر، صوبائی چیف سیکرٹریز، صوبائی حکومتوں کے متعلقہ سینئر افسران و دیگر شریک تھے۔

چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے اجلاس کو تعمیرات کے شعبے کے فروغ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ تعمیرات کے شعبہ کے فروغ کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعمیراتی مرحلہ پر لاگو کئے جانے والے سیلز ٹیکس کو ختم کر دیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اس فیصلے کے اطلاق کی منظوری دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تعمیر شدہ گھر کی فروخت کے مرحلہ پر فکس ٹیکس کے نفاذ پر تمام صوبائی حکومتوں میں اتفاق ہو چکا ہے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت بننے والے گھراس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیپیٹل ویلیو ٹیکس کی شرح کم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ای۔سٹام پیپرز کا بھی اجراء کیا جا رہا ہے جس سے تعمیرات کے شعبے سے منسلک افراد کو آسانی میسر آئے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات