نوجوانوں کو جدید عالمی طرز پر مبنی اعلی تعلیم دے کر ہی ملک میں صنعتی انقلاب لایا جا سکتا ہے،شاہ فرمان

جمعرات 5 دسمبر 2019 20:04

نوجوانوں کو جدید عالمی طرز پر مبنی اعلی تعلیم دے کر ہی ملک میں صنعتی ..
پشاور۔05دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور کے دوسرے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے 3 نئے ممبران کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی جن میں ڈاکٹر سہیل نقوی، نورجہان اور عبدالغفور شامل ہیں جبکہ اسکے علاوہ ایگزیکٹیو کونسل، اکیڈیمک کونسل اور سلیکشن بورڈ کے ارکان کو بھی منتخب کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کے دوران گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ کہ نوجوانوں کو جدید عالمی طرز پر مبنی اعلی تعلیم دے کر ہی ملک میں صنعتی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس یونیورسٹی کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو عالمی طرز پر مبنی اعلی تعلیم کی سہولیات مہیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک معدنیات اور زراعت کے شعبے میں خود کفیل ہے اور ان دونوں شعبوں میں عالمی طرز پر مبنی ریسرچ وقت کی اشد ضرورت ہے ان دونوں شعبوں میں بہتری سے ملک کے زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور یہ ہماری معیشت میں ایک انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اجلاس میں چیئرپرسن ایڈوائزری بورڈ آف انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر عطاء الرحمن، پروجیکٹ ڈائریکٹر پاک۔آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نصیر علی خان، جسٹس (ر) نثار حسین، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم علی قادرصافی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ محمد صدیق کے علاوہ دیگر بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے خصوصی شرکت کی۔