Live Updates

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا سیالکوٹ میں 500 بستروں پر مشتمل نیا ہسپتال بنانے کا اعلان

خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں 500بستروں پر مشتمل نئے ہسپتال کے ذریعے لاکھوں افراد کو مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل ہو سکے گی

جمعرات 5 دسمبر 2019 20:41

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا سیالکوٹ میں 500 بستروں پر مشتمل نیا ہسپتال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سیالکوٹ میں 500 بستروں پر مشتمل نیا ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ اعلان خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کے دوسرے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری اخلاق، پرنسپل خواجہ صفدر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود، فیکلٹی ممبران کے علاوہ طلباوطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے صوبائی وزیرصحت کو ادارہ کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔کانووکیشن میں 200طلباوطالبات کو ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔صوبائی وزیرصحت نے کانووکیشن میں 30نمایاں طلباوطالبات کے درمیان گولڈمیڈل اور سلور میڈلز تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹریاسمین راشد نے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میڈیکل فیلڈ میں طلباوطالبات کا بہترین رزلٹ دیکھ کر انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں 500بستروں پر مشتمل نئے ہسپتال کے ذریعے لاکھوں افراد کو مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام طبی تعلیمی اداروں میں تعلیمی نظام میں اصلاحات لا کر بہتری لائی جائے گی۔آج ڈاکٹرز خدمت انسانیت کے عہد کا حلف اٹھا رہے ہیں۔ڈاکٹرز اپنے پیشہ کو عبادت سمجھ کر لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ ڈاکٹرز کی بھرتیاں کی گئی ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔آج سے پہلے کسی حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کے معیار کو بہتر کرنے کا نہیں سوچا۔کئی دہائیوں بعد پنجاب میں نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات