Live Updates

قوم فکر نہ کرے پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ای گورننس کا بہترین نظام لا رہے ہیں،

ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ کو کامیاب بنائیں گے اس سے کرپشن کا خاتمہ ہو گا، ماضی میں پیسوں کی خاطر دوسروں کی جنگیں لڑی گئیں، آج کا پاکستان امن کیلئے ممالک کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، امہ کو متحد کریں گے وزیراعظم عمران خان کا ڈیجیٹل وژن پاکستان کی تقریب سے خطاب

جمعرات 5 دسمبر 2019 20:51

قوم فکر نہ کرے پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ای گورننس کا بہترین نظام لا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم فکر نہ کرے پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ای گورننس کا بہترین نظام لا رہے ہیں، ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ کو کامیاب بنائیں گے اس سے کرپشن کا خاتمہ ہو گا، ماضی میں پیسوں کی خاطر دوسروں کی جنگیں لڑی گئیں، آج کا پاکستان امن کیلئے ممالک کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، امہ کو متحد کریں گے۔

وہ جمعرات کو ڈیجیٹل وژن پاکستان کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے عمر کا بڑا حصہ بیرون ملک گزارا اس لئے سمندر پار پاکستانیوں کے مثبت رجحانات سے بخوبی واقف ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زندگی کا مقصد طے کرنے والے لوگ ہی ترقی کرتے ہیں اور مشکل فیصلے کرنے والے لوگ ہی کامیاب ہوتے ہیں، چیلنجز ختم ہو جائیں تو زندگی بے معنی ہو جاتی ہے، چیلنجز آگے بڑھنے کا راستہ فراہم کرتے ہیں، دنیا میں تمام بڑے لوگوں نے مشکلات کا سامنا کیا، آسان راستہ کبھی زندگی میں بہتری نہیں لاتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پر بہت پہلے توجہ دینی چاہئے تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم حکومت میں آئے تو بڑے کرنٹ اکائونٹ خسارے کا سامنا تھا، ہماری حکومت نے کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو پا لیا ہے، سابقہ حکومتوں نے روپے کی قدر کو مصنوعی طریقہ سے کنٹرول کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور موڈیز سمیت غیر جانبدار عالمی مالیاتی اداروں نے ملکی معیشت کو مستحکم قرار دیا ہے اور معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، اب ہم ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ کی کامیابی کیلئے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہم ان نوجوانوں کو اپنی طاقت بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ای گورننس کا نظام لائے گی، بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ای گورننس ناگزیر ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے عام آدمی کی زندگی میں آسانی آئے گی، آنے والوں دنوں میں حکومت کی پوری توجہ ڈیجیٹل پاکستان پر ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام گھبرائے نہیں اور نہ ہی فکر کرے، آنے والا دور خوشیوں والا دور ہے، ملک کا مستقبل روشن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم گورننس کے مسائل پر قابو پا رہے ہیں اور ضروری تبدیلیاں لا رہے ہیں اور ٹیمیں بنا رہے ہیں، پاکستان بین الاقوامی سطح پر اب اہمیت اختیار کر چکا ہے، ماضی میں پیسوں کی خاطر دوسروں کی جنگیں لڑی گئیں، آج کا پاکستان امن کیلئے ممالک کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، مسلم امہ کو اکٹھا کرنے کیلئے کردار ادا کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات