کم ترین اننگز میں 12ہزار فرسٹ کلاس رنز،فواد عالم نے انضمام، میانداد کوپیچھے چھوڑ دیا

34سالہ بلے باز اب تک 12ہزار سے زیادہ فرسٹ کلاس رنز بنا چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 دسمبر 2019 19:01

کم ترین اننگز میں 12ہزار فرسٹ کلاس رنز،فواد عالم نے انضمام، میانداد ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2019ء) ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانےوالے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم اب بھی قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر مصباح الحق کے ”نظر کرم “ کے منتظر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو2009ءکے بعد ٹیسٹ،2015ءکے بعد ون ڈے جبکہ2010ءکے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔34 سالہ فواد عالم مئی 2017ءمیں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم اس وقت کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انکی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا۔

فواد عالم نے ابھی تک اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی ہے اورقائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے سدرن پنجاب کےخلاف شاندار ڈبل سنچری سکور کرڈالی،وہ211رنز بناکر آﺅٹ ہوئے ، اس سے قبل وہ نادرن کی ٹیم کےخلاف 107رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کےساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کی ٹیم کےخلاف بھی100رنز ناٹ آﺅٹ بنا چکے ہیں ،وہ قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں9میچز میں 66.50کی اوسط سے 665رنز بنا چکے ہیں جن میں3سنچریاں اور2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فواد عالم ابتک164فرسٹ کلاس میچز کی 257اننگز میں 56.57کی اوسط سے12106رنز سکور کرچکے ہیں جن میں33سنچریاں اور60نصف سنچریاں شامل ہیں،وہ کم ترین اننگز میں 12000رنز مکمل کرنے والے دوسرے پاکستانی بلے باز ہیں ،اس فہرست میں پہلا نمبر لٹل ماسٹر حنیف محمد کا ہے جنہوں نے صرف231اننگز میں 12000فرسٹ کلاس رنز مکمل کیے تھے ،سابق ٹیسٹ کرکٹر شفیق احمد264اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیکر تیسرے اور پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق266اننگز میں12ہزار فرسٹ کلاس رنز مکمل کرکے چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔