فرمان شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے 3نئے ممبران کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی

جوانوں کو جدید عالمی طرز پر مبنی اعلی تعلیم دے کر ہی ملک میں صنعتی انقلاب لایا جا سکتا ہے، گور نر خیبر پختونخوا

جمعرات 5 دسمبر 2019 21:11

فرمان شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے 3نئے ممبران کی متفقہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلایئڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور کے دوسرے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے 3نئے ممبران کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی جن میں ڈاکٹر سہیل نقوی، نورجہان اور عبدالغفور شامل ہیں جبکہ اسکے علاوہ ایگزیکٹو کونسل، اکیڈیمک کونسل اور سلیکشن بورڈ کے ارکان کو بھی منتخب کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کے دوران گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ کہ نوجوانوں کو جدید عالمی طرز پر مبنی اعلی تعلیم دے کر ہی ملک میں صنعتی انقلاب لایا جا سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس یونیورسٹی کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو عالمی طرز پر مبنی اعلی تعلیم کی سہولیات مہیا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک معدنیات اور زراعت کے شعبے میں خود کفیل ہے اور ان دونوں شعبوں میں عالمی طرز پر مبنی ریسرچ وقت کی اشد ضرورت ہے ان دونوں شعبوں میں بہتری سے ملک کے زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور یہ ہماری معیشت میں ایک انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئرپرسن ایڈوائزری بورڈ آف انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر عطاء الرحمن، پروجیکٹ ڈائریکٹر پاک-آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلایئڈ سایئنسز اینڈ ٹیکنالوجی نصیر علی خان، جسٹس (ر) نثار حسین،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم علی قادرصافی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ محمد صدیق کے علاوہ دیگر بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے خصوصی شرکت کی۔