امریکا: پرل ہاربر میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، ایک زخمی

نیوی اہلکار نے فائرنگ کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی

جمعرات 5 دسمبر 2019 22:43

امریکا: پرل ہاربر میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، ایک زخمی
نیو یا رک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2019ء) امریکا کی ریاست ہوائی میں واقع پرل ہاربر نیول شپ یارڈ میں امریکی ملاح نے خودکشی کرنے سے قبل فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل جبکہ ایک کو زخمی کردیا۔فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ’ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد محکمہ دفاع کے سویلین ملازمین تھے جبکہ زخمی ہونے والا شخص عام شہری ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے‘۔

قبل ازیں امریکی بحری اڈے کے ترجمان نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے ہونے والی فائرنگ کی اطلاعات پر رد عمل دیا تھا اور بیس کئی گھنٹوں تک لاک ڈاؤن رہا۔عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ کمپیوٹر پر بیٹھے تھے جب انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی اور 3 افراد کو زمین پر گرے ہوئے دیکھا۔

(جاری ہے)

شناخت ظاہر نہ کرنے والے عینی شاہد نے بتایا کہ انہوں نے دیکھا کہ فائرنگ کرنے والا شخص جس نے امریکی بحریہ یا ملاح کا یونیفارم پہنا ہوا تھا اس نے اپنے سر میں گولی ماری۔

دوسری جانب ہوائی نیوز ناؤ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں متاثر ہونے والوں میں کئی شہری شامل ہیں۔یہ بتایا جارہا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پرل ہاربر نیول شپ یارڈ کے جنوب میں واقع داخلی حصے میں پیش آیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک برس میں امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔