مقبوضہ کشمیر میں زعفران کی کاشت میں کمی

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں پیدا ہونے والے زعفران کو پوری دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل ہے اور ایک ایسا دور بھی تھا جب کشمیری اس کی کاشتکاری کے لیے زبردست تگ و دو کرتے تھے لیکن اب اس کی کاشت آہستہ آہستہ کم ہورہی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عفران کے زیر کاشت اراضی میں کافی کمی آنے کے ساتھ ساتھ اس سے منسلک زمینداروں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں 80 کی دہائی میں پندرہ ہزار کنال اراضی پر زعفران کی کاشت کی جاتی تھی جو کم ہوتے ہوتے پانچ ہزار کنال اراضی رہ گئی ہے۔ اب زمیندار مشکل سے ہی اس فصل سے کچھ کما پاتے ہیں جس کے باعث لوگ اس زمین پر سیب کے درخت اگانے کے علاوہ اسے رہائش کے لیے بھی استعمال کرنے لگے ہیں ۔ خبر رساں ادارے ساتھ ایشین وائر کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں برس بارش وقت پر برسنے سے گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے زعفران کی زیادہ پیداوار ہوئی تھی لیکن غیر متوقع برفباری کی وجہ سے تقریبا چالیس فیصد قیمتی فصل تباہ ہوگئی۔ زمینداروں کا مطالبہ ہے کہ ان کی فصل کا بیمہ کرایا جانا چاہئے تاکہ انہیں کسی حد تک تحفظ کا احساس ہوسکے۔