190ملین پاؤنڈ کچھ بھی نہیں، اب بڑی ریکوریاں ہوں گی

برطانیہ میں زرداری اور شریف خاندان کی مشکلات بڑھنے والی ہیں، حکومت کو چاہیے برطانوی رقم کی تفصیلات عوام کو بتائے۔ سینئرصحافی صابر شاکر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 دسمبر 2019 21:34

190ملین پاؤنڈ کچھ بھی نہیں، اب بڑی ریکوریاں ہوں گی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر 2019ء) سینئر صحافی صابر شاکر نے کہا ہے کہ 190ملین پاؤنڈ کچھ بھی نہیں، اب بڑی ریکوریاں ہوں گی، برطانیہ میں زرداری اور شریف خاندان کی مشکلات بڑھنے والی ہیں، حکومت کو چاہیے برطانوی رقم کی تفصیلات عوام کو بتائے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں نیب اور برطانوی کرائم ایجنسی (این سی اے) مل کر مزید اہم کیسز پر کام کر رہے ہیں۔

جس کے باعث زرداری اور شریف خاندان کی مشکلات بڑھنے والی ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹی وی پروگرام میں بتایا کہ برطانوی ایجنسی این سی اے کے کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا کہ برطانیہ سے 190ملین پاؤنڈ آئے ہیں لیکن آئندہ جو مزید رقوم آئیں گی، وہ کہیں زیادہ ہوگی۔ برطانوی ایجنسی کے ساتھ ملکر اہم جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آنے والے دنوں میں بہت کچھ مل سکتا ہے۔

کنٹری ڈائریکٹر عثمان احمدنے کہا کہ نیب کومختلف مقدمات میں ملوث اہم شخصیات کی تفصیلات فراہم کریں گے۔ بہت جلد مزید ریکوریاں بھی کروائی جائیں گی۔اگر نیب برطانیہ کو ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی کہ یہ پیسا پاکستان کا ہے، یہ جائیدادیں پاکستانی پیسے سے بنائی گئی ہیں تو وہ پیسے پاکستان کو مل جائیں گے۔ دوسری جانب ن لیگی رہنماء حنا پرویز بٹ نے کہا کہ حسین نواز نے ون ہائیڈ پارک پراپرٹی ملک ریاض کو فروخت کی۔

برطانیہ کرائم ایجنسی نے حسین نواز پر کوئی الزام نہیں لگایا۔ شہزاد اکبر کو شریف خاندان کے خلاف پریس کانفرنس کرنے کی عادت ہے۔ اس کے برعکس معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے شہباز شریف پر کرپشن کے الزامات کی بوچھاڑ کر دی ۔شہزاد اکبر نے کرپشن سے متعلق شہباز شریف سے 18 سوالات کردیے۔ شہزاد اکبر نے صحافیوں سے درخواست کی کہ آپ کو جہاں کہیں بھی شہباز شریف ملیں تو ان سے یہ سوالات ضرور پوچھئے گا۔