برطانوی شہزادی ایک اور پاکستانی ڈیزائنر کی مشکور

جمعہ 6 دسمبر 2019 12:56

برطانوی شہزادی ایک اور پاکستانی ڈیزائنر کی مشکور
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) رواں سال اکتوبر میں جب برطانوی شاہی جوڑا پہلی بار پاکستان آیا تو اس دوران شہزادی کیٹ مڈلٹن ہر کسی کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔پاکستان میں اپنے قیام کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گلگت بلتستان کا دورہ بھی کیا۔پاکستان میں اپنے دورے کے دوران برطانوی شہزادی یہاں کی ثقافت کا خاص خیال رکھتے ہوئے ہر ایونٹ کے دوران مشرقی طرز کے ملبوسات میں نہایت دلکش نظر آئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کئی پاکستانی برینڈز کا انتخاب کیا تھا جن میں ڈیزائنر ماہین خان، گل آحمد آئیڈیاز، خدیجہ شاہ کے برانڈ اعلان کے ملبوسات شامل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستانی ڈیزائنر خدیجہ شاہ کے سپورٹ اور ان کے ملبوسات کا شکریہ ایک خط تحریر کرکے کیا تھا اور اب انہوں نے ڈیزائنر ماہین خان کا شکریہ بھی خط کے ذریعے کیا۔اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ دورہ پاکستان میں میری مدد کا بیحد شکریہ، شہزادی کے مطابق وہ ڈیزائنر اور ان کی ٹیم کی بیحد مشکور ہیں جنہوں نے ان کے لیے اتنے بہترین ملبوسات تیار کیے۔شہزادی کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے ملبوسات بیحد پسند آئے۔