گلوکارہ روشن آرا بیگم کی 37ویں برسی منائی گئی

جمعہ 6 دسمبر 2019 12:46

گلوکارہ روشن آرا بیگم کی 37ویں برسی منائی گئی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) سینکڑوں فلموں میں پلے بیک سنگنر و کلاسیکل گائیکہ روشن آرا بیگم کی 37ویں برسی 6دسمبر کو منائی گئی۔ اس موقع پر ان کے پرستار وں نے مختلف تعزیتی تقریبات اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا،جن میں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

روشن آرا بیگم نے پہلی نظر ، جگنو، قسمت ، روپ متی باز بہادر، نیلا پربت سمیت سینکڑوں فلموں میں پلے بیک سنگر کے طور پر انتہائی خوبصورت نغمات ریکارڈ کروائے جنہوںنے ان فلموں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ روشن آرا بیگم 1917ء میں کلکتہ میں استاد عبدالحق خان کے گھر پیدا ہوئیں اور تقسیم پاکستان کے بعد انہوںنے لاہور آکر پرفارم کرنا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کیرانہ گھرانے سے تعلق رکھنے والے اپنے کزن استاد عبدالکریم خان سے مسلسل 15سال تک گائیکی کی تربیت حاصل کرکے اپنی الگ شناخت بنائی ۔ انہوںنے ایک پولیس آفیسر چوہدر ی محمد حسین سے شادی کر کے بعد ازاں اہل خانہ سمیت لالہ موسیٰ میں سکونت اختیار کر لی جہاں سے وہ ریڈیو ، ٹی وی ، فلم انڈسٹری کے لئے پر فارم کرنے کے لئے لاہور آیا جایا کرتی تھیں۔ روشن آرا بیگم نے فیروز نظامی ، انیل ، بسواس ، تصدق حسین جیسے موسیقاروں کے ساتھ بھی گانے ریکارڈ کروائے۔ کلاسیکی موسیقی کا یہ روشن ستارہ 6دسمبر 1982ء کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے غروب ہو گیا۔روشن آرا بیگم کی برسی پر الیکٹرانک میڈیا نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔