عزیز میاں قوال کی برسی جمعہ کو منائی گئی

جمعہ 6 دسمبر 2019 13:00

عزیز میاں قوال کی برسی جمعہ کو  منائی گئی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) پرائیڈ آف پرفارمنس عزیز میاں قوال کی 19ویں برسی 6دسمبر بروز جمعہ کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر عزیز میاں قوال کے پرستار وں اور مداحوں کی جانب سے خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اللہ ہی جانے کون بشر ہے، یا نبیؐ یا نبیؐ، شرابی میں شرابی سمیت سینکڑوں قوالیاں گا کر شہرت کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے حکومت پاکستان سے 1989ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس حاصل کرنے والے ملک کے نامور قوال عزیز میاں 17اپریل 1942ء کو پید ا ہوئے۔

ان کا اصل نام عبدالعزیز تھا لیکن وہ عزیز میاں قوال کے نام سے مشہور تھے۔ عزیز میاں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور قوالی کے شعبہ کا انتخاب کیا۔

(جاری ہے)

عزیز میاں کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ انہوںنے اپنی گائی گئی زیادہ تر قوالیوں کی شاعری خود کی۔ عزیز میاں نے اپنے منفرد ، بھاری بھرکم ، بارعب انداز گائیکی کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی دیگر ممالک میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ عزیز میاں 6دسمبر 2000ء کو 58برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی برسی پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوںکا اہتمام کیا۔