افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا،

امریکہ کی طرف سے ’’افغان امن مذاکرات‘‘ کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی ناظم الامور پال جونز سے ملاقات میں اظہار

جمعہ 6 دسمبر 2019 16:43

افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ کی طرف سے ’’افغان امن مذاکرات‘‘ کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور پال جونز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطہ میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خصوصی طور پر افغانستان کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پورے خطہ میں تعمیر و ترقی کا انحصار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے ’’افغان امن مذاکرات‘‘ کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔